نریندر مودی کا انجن فیل، راہل گاندھی کا انجن ملک کو آگے لے جائے گا: نانا پٹولے
شولاپور کی ترقی میں رکاوٹ بننے والی بی جے پی کو عوام لوک سبھا انتخابات میں سبق سکھائیں گے
پرنیتی شندے نے شولاپور میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا
شولاپور: وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 10 سالوں میں ملک کو تنزلی کی طرف ڈھکیلا ہے۔مودی نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ مودی بدعنوانوں کے لیڈر ہیں جنہوں نے تمام پارٹیوں کے بدعنوان لیڈروں کو بی جے پی میں شامل کیا ہے۔ دوسری طرف کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے سماج کے تمام طبقات سے براہ راست رابطہ کرنے اور ان کے مسائل اور درد کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی۔ راہل گاندھی کے اس یاترا کو عوام کی جانب سے بھی زبردست پذیرائی ملی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ نریندر مودی کا انجن فیل ہوگیا ہے لیکن راہل گاندھی کا انجن ملک کو آگے لے جائے گا۔
شولاپور لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کی امیدوار پرنیتی شندے نے مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ جس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاست میں دیگر پارٹیوں کو توڑ کر سیاسی ثقافت کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ مودی شاہ کو خوش کرنے کے لیے ایکناتھ شندے اور اجیت پوار ہمارے لیڈر راہل گاندھی پر تنقیدیں کرتے ہیں لیکن اس سے کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ شولاپور کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی اس شہر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بن گئی ہے۔ ایسے میں تمام لوگ اس بار لوک سبھا انتخابات میں اس رکاوٹ کو دور کریں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) لیڈر نرسیا آدم نے بی جے پی پر سخت نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نگر کالونیوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ یہ اسکیم 2013 میں کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے حکم پر شروع کی گئی تھی۔ نرسیا آدم نے سخت لہجے میں پوچھا کہ کیا بی جے پی حکومت نے اس اسکیم کو اپنی جیب سے فنڈ کیا تھا؟
شولاپور لوک سبھا حلقے سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد پرنیتی شندےکے لیے ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں بی جے پی نے شولاپور والوں کو دھوکہ دیتے ہوئے ان کے ووٹ لئے ، مگر جب لوگوں کو ان کی ضرورت پڑی تو بی جے پی نے ان سے منہ موڑ لیا۔ پرنیتی شندے نے مزید کہا کہ یہ لڑائی ہم سب کی ہے اور اس الیکشن میں ہم بی جے پی کو بری طرح شکست سے دوچار کریں گے۔ انہوں نے شولاپور کو ترقی اور ترقی کی راہ پر لانے اور بی جے پی کے خلاف لڑائی جیتنے کے لیے عوام سے آشیرواد کی اپیل کی۔
ا س موقع پر سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، اجولا تائی شندے، این سی پی شرد پوار دھڑے کے ضلع صدر بلیرام کاکا ساٹھے، دھرمراج کراڈی، بھگیرتھ بھالکے، سابق ریاستی وزیر داخلہ سدھارام مہترے،ج سابق ایم ایل اے دلیپ مانے، این سی پی لیڈر مہیش کوٹھے، سدھیر کھرٹمل، مہیش گادیکر، وشواناتھ چاکوٹے شیو سینا ٹھاکرے گروپ کے لیڈر پرشوتم برڈے، اتم پرکاش کھنڈارے، ڈپٹی لیڈر شرد کولی، اسمیتا گائیکواڑ، اجے داسری، گنیش ونکر، یو ن بیریا، امر پاٹل، بھرت جادھو، پرمود گائیکواڑ، توفیق شیخ، ایم ایچ شیخ، عام آدمی پارٹی کے ضلع صدر ایم پاٹل، سٹی صدر نکھل کرنالے، سماج وادی پارٹی کے صدر ابو طالب ڈونگرے سمیت کئی لیڈران عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔