کانگریس کی صدرمحترمہ سونیاگاندھی کی قیادت پر اظہارِ اعتماد

ایم پی سی کی میٹنگ میں نسیم خان کی جانب سے قرارداد پیش اور متفقہ طور پر منظوری

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے کی صدارت میں منعقدہ ریاستی کانگریس کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی۔یہ قرارداد سابق وزیر اور ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

امدادوبازآبادکاری کے وزیر وجے ویڈیٹی وار کے سرکاری رہائش گاہ میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں ریاستی حکومت میں کانگریس پارٹی کے وزراء، ممبرانِ اسمبلی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری وریاستی کانگریس کے اہم عہدیداران شریک ہوئے۔ ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، وزیرتوانائی ڈاکٹر نتن راؤت، خواتین واطفال کی وزیر یشومتی ٹھاکور، ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر سنیل کیدار، اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ، ماہی گیری کے وزیر اسلم شیخ، وزیر مملکت برائے زراعت ڈاکٹر وشواجیت کدم، سابق ریاستی صدر مانک راؤ ٹھاکرے، خواتین ونگ کی ریاستی صدر سندھیاتائی سوالاکھے، اے آئی سی سی سکریٹری اور معاون انچارج بی ایم سندیپ، آشیش دعا،دھان سبھا ودھان پریشد کے ارکان اور عہدیداران موجود تھے۔

اس موقع پر کسانوں کے بجلی کے کنکشن منقطع کرنے اور منقطع شدہ کنکشن کو دوبارہ جوڑنے کا فیصلہ کرنے پر وزیر توانائی ڈاکٹرنتن راؤت کے شکریے کا قرارداد بھی پیش کیاگیا جسے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظورکیا۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر شنکر راؤ کولہے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔