Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

مہاراشٹر کومددملنی ہی چاہئے راہل گاندھی کے مطالبے کی ریاستی کانگریس کی جانب سے حمایت

IMG_20190630_195052.JPG

ممبئی:مہاراشٹر ملک کی ایک بڑی ریاست ہی نہیں بلکہ اس کی الگ انفرادیت ہے اور یہ ملک کی معاشی ترقی کا مرکز ہے۔ لہذا ہم راہل گاندھی کے اس مطالبے کی پوری حمایت کرتے ہیں کہ مہاراشٹر کو مرکزکی جانب سے مدد اور حمایت ملنی ہی چاہئے۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدراوروزیر محصول بالاصاحب تھورات نے مذکورہ بالا باتیں کہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت مہاراشٹر کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کرے۔

تھورات نے کہا کہ کورونا بحران کی وجہ سے مہاراشٹر کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ محصولات میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق مہاراشٹرا ملک میں معاشی ترقی اور روزگار کا مرکز ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے مہاراشٹر یا دیگر دوسری ریاستیں جوآج مشکلات کا شکار ہیں، ان کی کسی بھی طرح کی مدد نہیں کی۔ مہاراشٹر سمیت دیگر ریاستیں آج کورونا سے مقابلہ کررہی ہیں۔ انہیں مرکزی حکومت کی جانب سے بھرپور مدد ملنی چاہئے۔ راہل گاندھی نے یہ مطالبہ کیا ہے کہ جس کی ہم حمایت کرتے ہیں۔

ایک طرف بی جے پی کی قیادت مہاراشٹر کی اقتصادی اہمیت کم کرنے کے لیے بین الاقوامی اقتصادی مرکز (آئی ایف ایس سی) جیسے متعدد منصوبوں کو گجرات لے جارہی ہے، تو دوسری طرف کانگریس کے قائدین ہر ریاست کی اہمیت سے واقف ہیں۔ کانگریس کی قیادت اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ ملک کی ترقی میں مہاراشٹر کی کتنی بڑی حصہ داری ہے ۔ تھورات نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ70 سالوں سے ملک کی قیادت کرنے والے کانگریس کے قائدین نے تمام ریاستوں کویکساں نظر سے دیکھا لیکن بدقسمتی سے فی الوقت کی بی جے پی حکومت نے گزشتہ 6سالوںمیں انصاف کا پیمانہ نہیں اپنایا۔

بالاصاحب تھورات نے کہا کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں ، غریبوں ، متوسط طبقے اور بزرگ شہریوں کے اکاونٹ میں براہ راست نقد رقم جمع کرنے کے مطالبے پر بھی مرکزی حکومت کو غور کرنا چاہئے ، اسی سے ہی ملک میں مانگ میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو رفتار ملے گی ۔