سابق جسٹس پی بی ساونت کا انتقال ترقی پسند تحریک کا بڑا نقصان: ناناپٹولے

ممبئی: سپریم کورٹ کے سابق جسٹس پی بی ساونت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے ایک ممتاز قانون داں ہمارے درمیان سے اٹھ گیا ہے نیز ریاست وملک میں ترقی پسند تحریک کو ا س سے ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ وسپریم کورٹ کے جسٹس کے طور پر پی بی ساونت نے کئی تاریخی فیصلے دیے تھے۔ سبکدوشی کے بعد بھی وہ سماجی کاموں میں سرگرم رہے۔ پریس کاؤنسل آف انڈیا کے صدر کے طور پر انہوں نے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی آئین کے اقدار کے تحفظ اورسماجی مساوات کے لیے وقف کردی تھیں۔ جمہوریت وآئین کو بالائے طاق رکھ کر کام کرنے والی مرکزی حکومت کے طریقہ کار کے خلاف ساونت جدوجہد کرتے رہے۔ ان کے انتقال سے ایک ایسا خلا پیدا ہوگیا ہے جس کے بھرنے کی امید کم ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی اس دکھ کی گھڑی میں ساونت خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔