قبائلیوں کے جل، جنگل اور زمین کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی پابند عہد ہے: ناناپٹولے
بی جے پی حکومت پولیس کی مدد سے گڈ چرولی کے قدرتی وسال کو لوٹ رہی ہے
مودی سرکار نے کسانوں کو 6 ہزار روپے دے کر زرعی ساز و سامان پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگا کر لوٹا
گڈچرولی سے حلقہ پارلیمنٹ کے امیدوار ڈاکٹر نام دیو کرسان کی انتخابی مہم کے تحت نانا پٹولے کا جلسہ عام سے خطاب
گڈچرولی: کانگریس اور انڈیا الائنس کی حکومت آنے کے بعد قبائلیوں، دلتوں، خانہ بدوشوں کے لیے نیائے پتر میں کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ جنگلات کے حقوق کے قانون کے تحت تمام زیر التوا دعووں کا تصفیہ ایک سال کے اندر اور مسترد شدہ دعووں کا جائزہ 6 ماہ کے اندر کیا جائے گا۔ ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا عزم کانگریس کے منشور میں ہے اور بہوجنوں کی ترقی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے اپنا انتخابی منشور بنایا ہے۔ بی جے پی آدیواسیوں (قبائلیوں)کو ون واسی کہہ کر ان کی توہین کرتے ہوئے ان کے حقوق سے انہیں محروم رکھتی ہے۔ مگر آدیواسیوں کے جل، جنگل اور زمین کے تحفظ کے یے کانگریس پارٹی پابند عہد ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہیں ہیں۔
ناناپٹولے گڈچرولی-چیمور حلقے سے کانگریس و انڈیا الائنس کے امیدوار ڈاکٹر نام دیو کرسان کی انتخابی مہم کے تحت دیسائی گنج تعلقہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ نانا پٹولے نے مزید کہا کہ گڈچرولی میں قدرتی دولت وافر مقدار میں ہے لیکن اس قدرتی دولت کو بی جے پی حکومت پولس کی مدد سے لوٹ رہی ہے۔ سوریہ گڑھ میں سونا لوٹا جا رہا ہے، جنگلاتی وسائل کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ لوگوں پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں۔ ہمیں قدرتی وسائل کی اس لوٹ مار کو روکنا ہوگا۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد ہم اس لوٹ مار کو روکیں گے اور گڈچرولی کو مالیاتی دارالحکومت بنائیں گے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ نریندر مودی کسانوں کو سالانہ 6 ہزار روپے دیتے ہیں لیکن کھاد کی قیمت میں 1000 روپے کا اضافہ کرکے، ٹریکٹروں کا ڈیزل بھی مہنگا کرکے، بیج و زرعی ادویات کی قیمتیں بھی بڑھ کر اور ان پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگا کر کسانوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ زرعی پیداوار پر امیر اور عام کسان دونوں سے 18 فیصد جی ایس ٹی وصول کیا جاتا ہے۔ مودی حکومت کے 10 سالوں میں مہنگائی چار گنا بڑھی ہے، ڈیڑھ لاکھ جو بینک اکاؤنٹ میں جمع ہونے چاہیے تھے وہ نہیں دیے گئے۔ کسانوں کی آمدنی نہیں بڑھی تو پھر نریندر مودی کو ووٹ کیوں دیں؟ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی غریبوں کو 5 کلو مفت اناج دے کر ان کو ان کے جائز روزگار سے محروم کر رہی ہے اور عام لوگوں کو غلام بنا رہی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں تمام ذاتوں اور مذاہب کو مدنظر رکھتے ہوئے نیائے (انصاف) کی بات کی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے پدایاترا کے ذریعے ملک کے لوگوں میں ایک امید کی کرن پیدا کردی۔ انہوں نے کسانوں، مزدوروں، یومیہ اجرت کمانے والوں، قبائلیوں، او بی سی دلتوں، خواتین، نوجوانوں کے مسائل کو جانچنے اور پرکھنے کے بعد انہیں 5 نیائے اور 25 گارنٹیاں دی ہیں۔ اپنے خطاب میں نانا پٹولے نے یقین دلایا کہ کانگریس کی طرف سے دی گئی گارنٹی ایک شخص کی نہیں بلکہ پوری پارٹی کی گارنٹی ہے اور اسے اقتدار میں آنے کے فوراً بعد لاگو کیا جائے گا۔ اس جلسۂ عام میں مہاراشٹر کانگریس کے اقلیتی ڈویژن کے صدر ایم ایل اے وجاہت مرزا اور مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران موجود تھے۔