MPCC Urdu News 14 April 22
مرکزمیں برسرِاقتدار لوگوں کی آئین کو ختم کرنے کی سازش: ناناپٹولے
کانگریس کے ریاستی صدر کا چیتیہ بھومی پر ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش
ممبئی:انگریزوں کی غلامی سے ملی آزادی کے بعدہمیں بطورِ انسان زندہ رہنے کا حق ڈاکٹرباباصاحب امبیڈکر کے آئین نے دیا ہے۔سماج کے ساتھ انصاف،انصاف دلانے اور ان کے حقوق کی حفاظت کا حق بھی ہمیں آئین کے ذریعے ہی ملاہے۔ لیکن ملک میں جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے،آئینی اداروں کو کمزور کرکے آئین کو تباہ کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔بی جے پی پر یہ تنقید ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو بچانے کے ساتھ ہی باباصاحب کے ذریعے دیئے گئے آئین کی حفاظت بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکرکی 131 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نانا پٹولے نے دادر میں چیتیہ بھومی کا دورہ کیا اورانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اسکولی تعلیم کی وزیر ورشا گائیکواڑ، ریاستی وزیر ڈاکٹر وشواجیت کدم، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، سابق وزیر اور ریاستی ورکنگ صدر چندرکانت ہنڈور، ریاستی نائب صدر حسین دلوائی، ریاستی جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، راجن بھوسلے، راجیش شرما، مناف حکیم،ڈاکٹر سیدذیشان احمد، جوجو تھامس، پرکاش سوناؤنے، سابق ایم ایل اے سبھاش چوہان، ترجمان سریش چندر راج ہنس، این ایس یو آئی کے سندیپ پانڈے اور دیگر عہدیدار ان موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کچھ پارٹیاں اور تنظیمیں سماج میں ذات پات اور مذہب کا زہر گھول کر سماجی ماحول کو آلودہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کے آئین کی پیروی کی جاتی ہے لیکن کچھ لوگ من مانی طریقے سے آئین کو توڑ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے آج ملک کی آزادی اور آئین خطرے میں ہے اور اسے بچانا ہمارا فرض ہے۔ریاستی صدر نانا پٹولے نے دادر میں واقع تلک بھون دفتر میں بھی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے پورے ملک میں ایک تہوار کے طور پر منانے کی اپیل کی۔