ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والی طاقتوں کو واضح جواب دینے کا وقت آگیا ہے: رمیش چنیتھلا
بی جے پی کا راہل گاندھی پر ریزرویشن مخالف ہونے کا الزام الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی مانند: نانا پٹولے
مودی حکومت ڈانواں ڈول،13 ماہ کی واجپائی حکومت کی تاریخ جلد دہرائی جائے گی: پرتھوی راج چوہان
ودربھ کانگریس کی سرزمین ہے، بی جے پی کو ودربھ کی مٹی میں دفن کریں اور اسمبلی میں جیت کا جھنڈا لہرائیں: وجے وڈیٹی وار
ممبئی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی شبیہ خراب کرنے کے لیے بی جے پی نے کروڑوں روپے خرچ کیے، ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کی، ان کے سرکاری گھر چھین لیا، ای ڈی کی تحقیقات میں الجھایا لیکن ملک کی عوام نے لوک سبھا میں بی جے پی کو کرارا جواب دیا۔ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نظریاتی جنگ ہے۔ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا نکال کر ملک کو متحد کیا اور محبت کے پیغام کو عام کیا۔ لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والی طاقتوں کو واضح جواب دیا جائے۔ یہ بات مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چننیتھلا نے کہی ہیں۔
گوندیا کے سابق ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈر گوپال اگروال نے رمیش چنیتھلا اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، سنیل کیدار، شیواجی راؤ موگھے، ستیش چترویدی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری کنال چودھری، ایم پی ڈاکٹر پرشانت پڈولے، ایم پی نام دیو کرسن، ایم پی شیام بروے، ایم ایل اے ابھیجیت ونجاری، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے اور گوندیا ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر دلیپ بنسوڑے وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت سب سے زیادہ گھوٹالوں والی حکومت ہے۔ وزیر اعظم نے اجیت پوار پر 70 ہزار کروڑ کے گھوٹالے کا الزام لگایا اور انہیں اقتدار میں حصہ دار بنایا۔ بی جے پی کی مخلوط حکومت آیارام گیارام کی حکومت ہے، ریاست کے عوام اس حکومت کے اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ودربھ کے لوگوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے۔ ہم گوپال اگروال کو کانگریس پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
ریاستی صدر نانا پٹولے نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد کو ہٹا کر تمام سماجی گروپوں کو ریزرویشن کا فائدہ ملنا چاہئے۔ بی جے پی حکومت نے سرکاری اداروں کو بیچ کر نوکریاں تباہ کر دی ہیں، اس نے آئینی اداروں کو تباہ کر دیا ہے، اس لیے بی جے پی راہل گاندھی کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔ بی جے پی کا یہ الزام کہ راہل گاندھی ریزرویشن مخالف ہیں ’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘ جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوندیا شہر کو رائس سٹی کے نام سے جانا جاتا ہے لیکن بی جے پی حکومت کی پالیسی کی وجہ سے یہ کاروبار ختم ہو گیا ہے۔ دھان کو ایم ایس پی نہیں مل رہی، کانگریس کی حکومت آنے کے بعد ہم دھان کی مناسب قیمت دیں گے اور بونس بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گوندیا بھنڈارا ضلع کی ترقی نہیں ہونے دی، کانگریس کی حکومت آنے کے بعد اس ضلع کو ہم ترقی کے بلند مقام پر فائز کریں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ ودربھ کے عوام نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس ایم وی اے کی بھر پور حمایت کی، وہ انہیں اسمبلی انتخابات میں اس سے بھی بہتر کامیابی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کرنے والی بی جے پی کی مخلوط حکومت کو اقتدار سے بے دخل نہیں کر دیتی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مہایوتی کو اسمبلی انتخابات میں 100 سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ چوہان نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت ڈانواں ڈول ہےاور بہت جلد واجپائی حکومت کے 13 ماہ والی حکومت کی تاریخ دہرائی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہا کہ بی جے پی حکومت بہنوں کو ان کی ساڑیوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگا کر ان کو لوٹ رہی ہے۔ بی جے پی بجرنگ بلی کے نام پر،شری رام کے نام پر ووٹ مانگتی ہے لیکن لوک سبھا انتخابات میں ان کے ساتھ نہ شری رام تھے اور نہ ہی بجرنگ بلی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کانگریس کو ودربھ سے حمایت ملتی ہے کانگریس مہاراشٹر میں اقتدار میں آتی ہے۔ ودربھ کانگریس کی سرزمین ہے، اس مٹی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو دفن کر کے فتح کا جھنڈا بلند کریں۔ وڈیٹی وار نے یہ یقین بھی ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی اسمبلی انتخابات میں 100 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔
راہل گاندھی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ترویندر سنگھ اور بی جے پی کے خلاف کانگریس کا ریاست گیر احتجاج
جب راہل گاندھی نے ریزرویشن ختم کرنے کی بابت کچھ کہا ہی نہیں تو پھر بی جے پی کا احتجاج کس لیے ہے؟ بالا صاحب تھورات
ممبئی: کانگریس نے راہل گاندھی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے ترویندرسنگھ ماروا اور بی جے پی کے خلاف آج ریاست گیر احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے گئے اور ماروا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ممبئی کانگریس کی صدر ایم پی ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں نے آزاد میدان میں احتجاج کیا اور بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر ورشا گائیکواڑ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تروند سنگھ ماروا کے بیان پر اپنا موقف واضح کریں۔
ناگپور میں ورائٹی چوک پر مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے شہر کانگریس کمیٹی کے صدر ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں مہیلا کانگریس کی شہر صدر ایڈووکیٹ نندا پراتے کے ساتھ سینکڑوں خواتین نے نعرے لگاتے ہوئے سڑک جام کیا۔ ناسک شہر میں آکاش چھاجڈ کی قیادت میں مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں اور کارکنوں کی جانب سے بی جے پی کے خلاف کھلے عام احتجاج کیا گیا۔ کانگریس نے ریاست کے دیگر حصوں میں احتجاج کیا اور بی جے پی کی مذمت کی۔
کانگریس کے سینئر لیڈر بالاصاحب تھورات نے بی جے پی کے احتجاج پر ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ایم پی راہل گاندھی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ ریزرویشن ختم کر دیں گے، تو بی جے پی والے دراصل کس چیز کے لیے احتجاج کررہے ہیں؟ بی جے پی خود ہی جھوٹی خبریں پھیلا کر ایجی ٹیشن کر رہی ہے۔ بی جے پی کے لیڈران سچائی کو جانچنے کی زحمت تک نہیں کرتے، ان کو جہالت کی عادت ہے۔ لوگ بی جے پی کے اس جعلی بیانیہ کو نہیں بھولیں گے۔ لوگ سچ جانتے ہیں کہ بی جے پی آئین مخالف اور ریزرویشن مخالف ہے۔