MPCC Urdu News 12 June 21

کانگریس 2024 میں ریاست کی سب سے بڑی پارٹی ہوگی

آنے والی حکومت ’گرام گیتا‘ کی نظریات پر چلے گی: ناناپٹولے

ممبئی: مہاراشٹر میں 2024کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی کے طور پر اقتدار میں آئے گی اور سنت توکڈوجی مہاراج کے ’گرام گیتا‘ کی بنیاد پر وہ آئندہ قائم ہونے والی حکومت کام کرے گی۔ان خیالات کا اظہار مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کیا ہے جو اپنے ودربھ دورے کے دوران امراؤتی ضلع میں واقع تسوا نامی مقام پر کانگریسی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مختلف پارٹیوں کے سیکڑوں لیڈران وکارکنان نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا ریاستی صدر نے پارٹی میں استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ناناپٹولے نے مزید کہا کہ سنت توکڈوجی مہاراج کے افکار پر یقین رکھنے والوں کا ایک بڑا طبقہ نہ صرف موزری کے علاقے میں ہے بلکہ پورے ملک میں موجود ہے۔انہیں افکار کی وراثت کو سجوئے ہوئے ہمیں اپنی سرگرمیاں انجام دینی ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ودربھ کے دورے کے دوران ہمیں محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں وغریبوں کی حالت کا نہایت قریب سے جائزہ لینے کا موقع ملا۔ایک جانب انہیں کورونا کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو ووسری جانب زندہ رہنے کی ان جدوجہد جاری ہے۔ مرکز کی مودی سرکار نے جان بوجھ کر لوگوں کو موت کے دہانے پر پہنچایا ہے۔ آکسیجن وریمیڈیسور انجکشن کی فراہمی مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اس طرح کررہی ہے کہ وقت پرنہ ملنے اور ناکافی فراہمی کی وجہ سے ہزاروں جانیں ضائع ہوگئیں۔اب بھی مرکز کی جانب سے سے Mucormycotic بیماری کا انجکشن بروقت اور ضروری مقدار میں نہیں مل رہا ہے۔ملک کے کسان گزشتہ ۶ ماہ سے احتجاج کررہے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی کے پاس ان سے بات کرنے کا وقت نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت نے ملک کو تباہی کے دلدل میں پہنچادیا ہے۔ صرف کانگریس کا نظریہ ہی اس ملک کواور آئین کو بچا سکتا ہے۔

اس پروگرام میں وزیر برائے خواتین و اطفال بہبود اور امراؤتی ضلع کی سرپرست وزیر یشومتی ٹھاکور، ریاستی ورکنگ صدر ایم ایل اے کنال پاٹل، ایم ایل اے بلونت وانکھیڈے، سابق ایم ایل اے وریندر جگتاپ، ضلع پریشد کے صدر اور امراؤتی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر انیرودھ عرف ببلو دیشمکھ، ریاستی ترجمان اتل لونڈھے سمیت کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔اسی امراؤتی میں گزشتہ 45 دنوں سے یوتھ کانگریس کی جانب سے سول اسپتال میں مریضوں کے رشتہ داروں نیز دیگر ضرورت مندوں کو مختلف طبی سہولیات بغیر کسی غرض کے مہیا کی جارہی ہیں۔ ریاستی صدر نانا پٹولے نے آج یوتھ کانگریس کے اس کام کا جائزہ لیتے ہوئے یہ سماجی کام انجام دینے والوں سے ملاقات بھی کی۔