حکمراں طبقے کی ’آشیرواد‘ کے بغیر منشیات کی اسمگلنگ ناممکن ہے

مہاراشٹر کو’اُڑتا پنجاب‘ مت بنایئے: ناناپٹولے

شیواجی مہاراج نے سوراج کے لیے سورت کو لوٹا اور آج کے حکمران مہاراشٹر کو لوٹ کر سورت کو دے رہے ہیں

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی امراؤتی ڈویژن کی جائزہ میٹنگ کا انعقاد

امراؤتی:ناسک میں پھیلا منشیات کا سیاہ کاروبار اب امراؤتی جیسے شہروں تک بھی پھیل رہا ہے۔ یہ بہت سنگین معاملہ ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بچوں کو نشے کی لت میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت کو ناسک ڈرگس کیس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نوجوانوں کی زندگیوں کوبچانے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ حکمران طبقے کے آشیرواد کے بغیر منشیات کی اسمگلنگ ناممکن ہے۔ مہاراشٹرا کو اڑتا پنجاب بننے سے روکا جائے۔

گزشتہ کل(۱۱/اکتوبر) امراوتی میں ریاستی کانگریس کی جائزہ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ میرے پاس اس بارے میں پوری جانکاری ہے کہ کس نے ڈرگ مافیا للت پاٹل کو سسون اسپتال سے فرار ہونے میں مدد کی۔ کون اسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے؟ میں ان تمام چیزوں کو صحیح وقت پر ظاہر کروں گا، لیکن کسی کو بھی ان کی حمایت نہیں کرنی چاہئے جو نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ ایسی چیزوں کو وقوع پذیرہونے سے روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناسک ڈرگس معاملہ کل کی بات نہیں ہے، بلکہ یہ کھیل گزشتہ کئی دنوں سے چل رہا ہے۔ ان ڈرگس مافیا کی حمایت کون کررہا ہے؟ وہ دھیرے دھیرے سامنے آرہا ہے۔

ان دنوں مہاراشٹر کے تمام اضلاع کا جائزہ لیاجارہا ہے اور اسی کے تحت بدھ کو امراؤتی ڈویژن کے اضلاع کا جائزہ لیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور ہم پارٹی کے خیالات کو ان تک پہنچانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ادے پور کیمپ کے فیصلوں کو کس حد تک نافذ کیا گیا؟ اس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بات چیت اور فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ درست ہے کہ مقامی عہدیداروں اور کارکنان کا مطالبہ ہے کہ ان کی پارٹی اس نشست پر الیکشن لڑے لیکن نشستوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔کس پارٹی کو کونسی سیٹ ملے گی؟اس سے زیادہ اہم ہے ایم وی اے کے امیدوار کا اس سیٹ سے منتخب ہونا ہے۔ ہمارا کام جمہوری نظام کو تسلیم نہ کرنے والی بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔وائبرنٹ گجرات پرپوچھے گیے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ہم چھترپتی شیواجی مہاراج کے لوگ ہیں، شیواجی مہاراج نے سوراج کے لیے سورت کو لوٹا تھا لیکن آج کے حکمران مہاراشٹر کو لوٹ کر سورت کو دے رہے ہیں۔

اس موقع پر ریاستی صدر نانا پٹولے، سابق وزیر یشومتی ٹھاکر، سابق وزیر اور ریاستی نائب صدر سنیل دیشمکھ، مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی صدر سندھیا سوالاکھے، ایم ایل اے بلونت راؤ وانکھیڑے، امراوتی دیہی کانگریس کے ضلع صدر انیرودھ عرف ببلو بھاؤ دیشمکھ، امراؤتی سٹی کانگریس صدر ببلو بھاؤ، شیخاوت، سابق میئر ولاس انگولے اور امراؤتی کے انچارج نانا گاوندے وغیرہ سمیت کئی لیڈر موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading