کسانوں کے لیے نامناسب اور غیر منصفانہ: نانا پٹولے
ای ڈی حکومت کے مشکل شرائط و ضوابط کے جال میں پھنسے دھان کے کسان
ای-پیک جانچ اور سات بارہ آن لائن موجود ہونے کے باوجود دوبارہ رجسٹریشن کیوں؟
ممبئی: ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے شندے-فڈنویس حکومت کے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی ہے جس میں سرکاری خریداری سینٹر پر کسانوں کودھان فروخت کرنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کولازمی قراردیاگیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے دھان کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔جب کسانوں سے متعلق تمام معلومات بشمول ای-پیک جانچ اورسات بارہ حکومت کے پاس آن لائن دستیاب ہے تو پھر دھان خریداری مرکز پردوبارہ آن لائن رجسٹریشن کرنے کولازمی کیوں کیا جارہا ہے؟۔یہ غریب کسانوں کے ساتھ بڑا ظلم ہے۔
یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ حکومت کے فیصلے کے مطابق دھان کی خریداری کی آخری تاریخ 15 اکتوبر تک مقرر کی گئی ہے، لیکن حکومت کے اس فیصلے سے کسانوں کے سامنے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ نئے اصول کے مطابق کسان کو خریداری سنٹر پرجا کر اصل لائیو تصویر اپ لوڈ کرنی ہوگی۔ اس کے ساتھ سی سات بارہ، آدھار کارڈاور بینک اکاؤنٹ کی معلومات بھی اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ اس عمل میں کافی وقت لگتا ہے۔ اس کے علاوہ خریداری مراکز کی تعداد بھی ناکافی ہے جس سے کسانوں کی مشکلات میں مزیداضافہ ہوگا۔ بنیادی طور پر دیہی علاقوں میں بجلی کی قلت، انٹرنیٹ کی رفتار کا مسئلہ اور سرکاری ویب سائٹ کے بار بار بند ہونے کی وجہ سے کسانوں کو رجسٹریشن کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ اس پیچیدہ عمل کو لے کر کسانوں میں شدید ناراضگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے تحت دھان کے تمام کاشتکاروں کا اندراج کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔
نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی شندے حکومت کسان مخالف ہے۔ اس سے پہلے فڈنویس حکومت نے کسانوں کے قرض معافی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، لیکن وہ بھی کسانوں کے لیے درد سر ثابت ہوا۔ آن لائن رجسٹریشن کے لیے کسانوں کو کئی گھنٹوں تک لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتاتھا۔ پٹولے نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں کسانوں کو پریشان کیے بغیر قرض معافی کی رقم براہ راست ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرائی تھی۔ انہوں نے شندے-فڈنویس حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد ہی دھان کی خریداری مراکز پر آن لائن رجسٹریشن کے فیصلے میں بہتری لاتے ہوئے آف لائن رجسٹریشن کی اجازت دی جائے۔