مودی نے پہلے شردپوار پربدعنوانی کا الزام لگایا پھر ان کی پارٹی کو توڑنے کا جرم کیا: نانا پٹولے
کانگریس پر اقربا پروری کا الزام لگانے والے نریندر مودی کو بی جے پی میں اقربا پروری کا جائزہ لیناچاہئے
ممبئی:وزیر اعظم نریندر مودی کا الزام ہے کہ کانگریس کی خاندان پرستی کی وجہ سے این سی پی صدر شرد پوار کووزیر اعظم کا عہدہ نہیں ملا۔ یہ الزام نہایت بچگانہ اور مضحکہ خیز ہے۔ کانگریس پارٹی میں ہمیشہ ہر کسی کو موقع دیا جاتا ہے۔ کانگریس نے شرد پوار کو ایم ایل اے، ایم پی، وزیراعلیٰ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر، وزیر دفاع، مرکزی وزیر زراعت جیسے مختلف عہدوں کی ذمہ داری دی تھی۔ نریندر مودی نے پہلے شرد پوار پر بدعنوانی کا الزام لگا کر انہیں بدنام کیا اور بعد میں ان کی پارٹی توڑنے کا گناہ کیا ہے۔ یہ سخت تنقید مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہمیشہ شرد پوار پر جھوٹے الزامات لگا کر انہیں بدنام کیا ہے۔ مودی نے این سی پی کو توڑ کر شرد پوار کی سیاست کو ختم کرنے کی کوشش کی اور آج وہ مگرمچھ کے آنسو بہا کر یہ دکھا رہے ہیں کہ وہ شرد پوارسے متعلق بہت فکر مند ہیں۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی کا واحد کام نہرو، گاندھی خاندان پر اقربا پروری کا جھوٹا الزام لگا کر انہیں بدنام کرنا ہے۔ وزیراعظم اس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی میں مختلف ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کو تنظیم اور اقتدار میں اہم عہدے دیے جاتے ہیں۔ ملک کی پہلی خاتون صدر کے ساتھ پہلی خاتون لوک سبھا اسپیکر کا اعزاز بھی کانگریس پارٹی نے دیا تھا۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم بننے کا موقع آنے پر بھی اعلیٰ عہدہ چھوڑ دیا اور وزیر اعظم کی ذمہ داری منموہن سنگھ کو سونپ دی۔ کانگریس نے صدر، نائب صدر اور وزیر اعلیٰ کے عہدوں کے لیے دلت، محروم اور مسلم سماج کے لوگوں کو موقع دیا ہے۔ اس کے برعکس سنگھ اور بی جے پی میں ایک خاص طبقے کے لوگوں کو عہدے دیے جاتے ہیں۔ کانگریس پر اقربا پروری کا الزام لگانے والے نریندر مودی پہلے بی جے پی میں اقربا پروری کا مطالعہ کریں اور پھر بولیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ شرد پوار ان کے سیاسی گرو ہیں، وہیں دوسری طرف وہ پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو نیشنلسٹ کرپٹ پارٹی کہہ کر بدنام کرتے ہیں اور 70 ہزار کروڑ روپے کے کرپشن کا الزام لگاتے ہیں۔ پٹولے نے کہا کہ مودی پہلے شرد پوار کی پارٹی کو توڑتے ہیں اور پھر دکھاوے کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعظم کے کھانے اور دکھانے کے دانت کتنے مختلف ہیں۔