شری گنگا نگر،20مئی.راجستھان میں ضلع شری گنگا نگر کے سورت گڑھ صدر تھانہ علاقے میں پولیس نے ایک شخص کو اپنی بیوی کے دونوں پیر پھاؤڑے سے کاٹنے کے الزام میں آج گرفتار کرلیا ۔پولیس ڈپٹی سپرٹنڈنٹ ودیا پرکاش نے بتایا کہ چک 4 ایس ایچ پی ڈی کے رہنے والے کرشن لال نے جمعہ کی رات مبینہ طور پر شراب کے نشہ میں اپنی بیوی کانتا(30)کے دونوں پیر پھاؤڑے سے کاٹ دئے۔نازک حالت میں کانتا دیوی کو شری گنگانگر کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کرشن لال پر اس کے سالے گوگا میڑی کے رہنے والے ونود کے ذریعہ کی گئی شکایت کی بنیاد پر قتل کرنے کی کوشش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیاگیا ہے۔پولیس کے مطابق کرشن لال کو اپنی بیوی کے کردار پر شبہ تھا،جس کی وجہ سے ان میں جھگڑا رہتا تھا۔گزشتہ کئی دنوں سے کانتا دونوں بچوں کے ساتھ مائیکے میں رہ رہی تھی۔وہ پچھلے ہفتے ہی سسرال آئی تھی اسی رات کرشن لال جب مزدوری کرکے اور مبینہ طورپر شراب پی کر گھر آیا تو اس نے کانتا کو گاؤں کے ایک غیر مرد کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے غصے میں آکر پھاؤڑے سے اپنی بیوی کانتا پر مسلسل وار کرکے اس کے دونوں پیر کاٹ دئے۔کانتا کی شادی تقریباً 10سال پہلے کرشن لال سے ہوئی تھی۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر مانگا جائےگا۔