8 ستمبر کو عید میلادالنبیﷺ کی عام تعطیل کا اعلان کیا جائے:سابق وزیر نسی‍م خان

ممبئی: سابق وزیر اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن محمد عارف (نسیم) خان نے ریاست کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ۸ ستمبر کو عید میلادالنبیﷺ کی عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔ نسیم خان نے اپنے خط میں کہا ہے کہ اس سال مسلمانوں کا مذہبی تہوار عید میلادالنبیﷺ اور ہندو بھائیوں کا تہوار اننت چترتھی ایک کے بعد ایک آرہے ہیں،

اس لیے ریاست میں بھائی چارہ اور ہندو مسلم یکجہتی کو برقرار رکھنے کے مقصد سے ممبئی کی مختلف مسلم تنظیموں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا خلافت کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ میں یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ ولادت کے موقع پر روایتی جلوس جو پہلے ۵ ستمبر کو نکلنے والا تھا، اسے مو¿خر کرکے ۸ ستمبر کو نکالا جائے تاکہ دونوں برادریوں کے تہوار خوشی، امن اور ہم آہنگی کے ساتھ منائے جائیں۔

نسیم خان نے مزید وضاحت کی کہ گزشتہ برس بھی دونوں مذاہب کے تہوار قریب قریب ہونے کی وجہ سے عید میلاد کا جلوس آگے بڑھا دیا گیا تھا اور اس وقت بھی انہوں نے وزیراعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر جلوس کے دن عام تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جسے حکومت نے تسلیم کرتے ہوئے تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسی روایت کو جاری رکھتے ہوئے اس سال بھی جلوس کے دن یعنی ۸ ستمبر کو عید میلاد کی تعطیل سرکاری طور پر اعلان کی جائے تاکہ سماج میں ہم آہنگی اور مذہبی یکجہتی کا ماحول مزید مضبوط ہو۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading