42 دن کی لڑکی کی فروخت کا منصوبہ ناکام
تھانے پولیس نے خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کرائم برانچ کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے ڈومبیولی میں 42 دن کی بچی کے فروخت کے منصوبے کو ناکام بنا دیا اور ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ویشالی نامی خاتون اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بغیر کسی قانونی دستاویزات کے بچوں کی فروخت کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
پولیس نے جعلی گاہک تیار کرکے ملزمان سے رابطہ کیا اور ملاقات طے کی، جس میں ویشالی نے چار لاکھ روپے کے عوض لڑکی فروخت کرنے کی پیشکش کی۔ طے شدہ مقام پر پولیس کی خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویشالی اور اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان میں ویشالی کشور سوناونے (عمر 35)، دیپالی انیل دوسینگ (عمر 27)، ریکھا بالو سوناونے (عمر 32) اور کشور رمیش سوناونے (عمر 34) شامل ہیں۔
تھانے کے مہاتما پھولے چوک پولیس اسٹیشن میں ملزمان کے خلاف سی آر نمبر 1221/2024 کے تحت انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 143، 3(5) اور بچوں کی دیکھ بھال و حفاظت کے قانون 2015 کی دفعات 81 اور 87 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے بچی اور اس کے 5 سالہ بھائی کو جننی آشیش بالگھر، ڈومبیولی میں اور بچی کی دو بہنوں کو نیلا بال سدھن، امبرناتھ میں حفاظت کے تحت منتقل کیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس ڈپٹی کمشنر شیوراج پاٹل اور اسسٹنٹ پولیس کمشنر دھننجے شیرساٹھ کی نگرانی میں سینئر انسپکٹر چیتنا چودھری اور ان کی ٹیم نے انجام دی، جس میں کئی افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔