کشتی کے قدیم اور معروف القاب کے غیر قانونی استعمال پر کارروائ ی کا انتباہ بھارتیہ اسٹائل کشتی مہا سنگھ کی سخت وارننگ

کشتی کے قدیم اور معروف القاب کے غیر قانونی استعمال پر کارروائی کا انتباہ
بھارتیہ اسٹائل کشتی مہا سنگھ کی سخت وارننگ
(آفتاب شیخ)
بھارت میں کشتی کے قدیم اور معروف القاب جیسے ‘رستم ہند’، ‘ہند کیسری’ اور ‘بھارت کیسری’ کے غلط استعمال سے اس کھیل کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ بھارتیہ اسٹائل کشتی مہا سنگھ (ISWA) نے ان القاب کے غیر قانونی استعمال پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ تنظیم کے مطابق، کئی جعلی تنظیمیں ان ناموں کو استعمال کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہیں اور مقابلوں میں جعلی شہرت حاصل کر رہی ہیں۔
بھارتیہ اسٹائل کشتی مہا سنگھ 68 سال سے ان مقابلوں کا انعقاد کر رہی ہے، اور ان القاب کے قانونی ٹریڈ مارک اور عدالتی حقوق بھی ان کے پاس ہیں۔ تاہم، 5 نومبر 2024 کو پنجاب کے نوازشہر میں "رستم ہند کشتی تنظیم" نے بغیر اجازت ‘رستم ہند’ کا نام استعمال کیا اور مہاراشٹر کے پہلوان سکندر شیخ کو غیر قانونی طور پر فاتح قرار دیا۔
تنظیم کے ایگزیکٹو چیئرمین جتیندر راٹھی کا کہنا ہے کہ ان القاب سے وابستہ فوائد، جیسے سرکاری ملازمت اور پنشن اسکیم، کے حصول میں جعلی تنظیموں کا دخل کشتی کی حقیقی روایات کے خلاف ہے۔ جو افراد ان القاب کو اپنے نام سے لگا کر غلط شہرت حاصل کر رہے ہیں، ان پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گورو سچدیوا نے بھی خبردار کیا کہ ان کے ٹریڈ مارک کو بغیر اجازت استعمال کرنا قانونی خلاف ورزی ہے اور اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ بھارتیہ اسٹائل کشتی مہا سنگھ نے اس معاملے پر قانونی مشاورت شروع کر دی ہے اور جلد ہی ان افراد اور تنظیموں کو قانونی نوٹس بھیجے گی جو ان القاب کا غیر قانونی استعمال کر رہے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading