ممبئی: جون کا مہینہ اختتام کو پہنچنے کے باوجود مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں بارش نہ ہونے سے کسانوں اور عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی، تاہم اب ریاست میں مانسون نے زور پکڑ لیا ہے اور بیشتر اضلاع میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے کسانوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات (IMD) کے مطابق آئندہ چند دنوں میں ریاست میں بارش کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ناگپور موسمیاتی مرکز کی پیش گوئی کے مطابق 3 جولائی سے 7 جولائی کے درمیان ودربھ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اگلے دو سے تین دن ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔
اسی دوران معروف موسمیاتی ماہر پنجاب راؤ ڈکھ نے بھی اپنی تازہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ 3 جولائی سے 7 جولائی کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پونے، ممبئی، اکولہ، اہلیہ نگر، ناندیڑ، ناسک، نندوربار، دھولے، جلگاؤں اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع میں اس دوران طوفانی بارش متوقع ہے، لہٰذا شہری احتیاط برتیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پنجاب راؤ ڈکھ کے مطابق 3 جولائی تک ریاست کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جاری رہے گی، تاہم اس کے بعد بارش کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کئی مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ اس سال واپسی کا مانسون بھی مہاراشٹر میں بھرپور بارش برسائے گا۔