خضرِ ہند حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نقشبندی مجددی حفظہ اللہ ورعاہ (ولادت 1955)

عالم اسلام کے صف اول کے اولیاء کرام میں شمار ہوتے ہیں….عہد رواں میں انہیں اپنی ہمہ جہت خدمات و ہشت پہلو صفات کی بناء پر بلا اختلاف مذہب وملت سب کے نزدیک یکساں پذیرائی و مقبولیت حاصل ہے…

وہ ایک بہترین مفسر، کامیاب مقرر، مقبول رہنما اور عظیم مرشد روحانی ہیں… وہ زمانہ قریب کے معروف عالم دین، بانی مجلہ الفرقان، تلمیذ امام العصر کشمیری حضرت مولانا منظور نعمانی قدس سرہ (1906-1997) خلیفہ اجل قطب الارشاد حضرت مولانا شاہ عبدالقادر رائے پوری نور اللہ مرقدہ(1273-1962) کے باکمال صاحبزادہ اور عہد رواں کے مشہور عالم و صاحب قلم بزرگ حضرت مولانا عتیق الرحمن سنبھلی دامت برکاتہم (1926) کے برادر خرد ہیں

حضرت سجاد نعمانی مدظلہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ سے علمی نسبت رکھتے ہیں .. تصوف و طریقت میں عہد رواں کے برانڈ ایمبیسڈر پیر انجینئر حضرت پیر فقیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی زیدمجدہم (1953) سے منسلک ہیں بلکہ ان کے خاص خلیفہ مجاز بیعت ہیں….ان کے علاوہ حضرت حافظ اقبال گونڈوی رح سابق صدر شعبہ حفظ ندوۃ العلماء لکھنؤ، حضرت مولانا علی آدم ندوی مدظلہ اور مفتی اعظم گجرات حضرت مولانا مفتی احمد خانپوری دامت برکاتہم ( ولادت 1946) وغیرہ سے اعزازی خلافت و اجازت حاصل ہے.. الحمد للہ آپ کے ہاں سلسلہ رشد و ہدایت بھی جاری ہے… نیرل ممدا پور ممبئی میں آپ کی بڑی مشہور خانقاہ ہے جہاں سالکین طریقت و طالبین اصلاح اور متوسلین و مریدین کی بڑی تعداد کا قیام رہتا ہے جو آپ کی زیر نگرانی منازل سلوک طے کرتے ہیں۔
آپ نے علم دین کی نشر و اشاعت اور فارغین مدارس کی علمی و تحقیقی تربیت کے لئے ایک ادارہ دارالعلوم امام ربانی بھی قائم کررکھا ہے جو اپنی وسیع خدمات کی بناء پر معروف ہے۔
حضرت سجاد نعمانی مدظلہ ہندوستان کے عظیم صاحب کشف و کرامات بزرگ ہیں، ان کے خوارق کا ایک طویل سلسلہ ہے.. عاجز کو ان کی زندگی اور ان کی کرامات میں شاہ ولی اللہ دہلوی رح کا عکس نظر آتا ہے۔
حضرت سجاد ص بڑے دوراندیش، دوربیں اور بابصیرت بزرگ ہیں.. جو کرتے ہیں سوچ سمجھ کرکرتے ہیں اور ڈنکے کی چوٹ پر کرتے ہیں… اب بھی انہوں نے جو کیا وسیع تدبر و تفکر کے بعد ہی کیا ہے…بلکہ میرا ماننا تو یہ ہے کہ اوپر سے اشارہ ملنے کے بعد ہی کیا ہے… اسی لئے ان کے اقدام کی تائید کرنے والے اور ان کے رویہ کو درست قرار دینے والے ہوسکتا ہے درست ہوں..
ہمیں تو سجاد نعمانی سے للہ فی اللہ محبت ہے. اللہ کرے اگر ان سے کوئی غلطی ہوئی ہو تو وہ اس کی اصلاح فرمالیں ورنہ اے اللہ تو ان سمیت ہم سب پر رحم فرما. آمین…

شاہ ابوالارفع مودودی

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading