آئی پی ایل 2025: افتتاحی میچ میں بنگلورو نے کولکاتا کو 7 وکٹوں سے دی شکست فاش، کوہلی نے بنائی شاندار نصف سنچری
آج ’آئی پی ایل 2025‘ کا شاندار آغاز ہوا اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) بمقابلہ رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) میچ میں طوفانی بلے بازی دیکھنے کو ملی۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر اور شاہ رخ خان کے سامنے کھیلنے اتری کولکاتا کو 7 وکٹوں سے شکست فاش ضرور ملی، لیکن کپان اجنکیا رہانے اور سنیل نرائن نے اپنے کھیل سے مقامی کرکٹ شیدائیوں کا دل خوش کر دیا۔
آج کے میچ میں آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کولکاتا کو پہلا جھٹکا کوئنٹن ڈیکاک کی شکل میں پہلے ہی اوور میں لگ گیا تھا، لیکن اس کے بعد کپان اجنکیا رہانے اور سنیل نرائن نے کچھ گیندوں کو دیکھ کر کھیلا، پھر ایسی طوفانی بلے بازی شروع کی کہ 10 اوورس میں ہی 100 رنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شروعاتی 3 اوورس میں محض 9 رن بنے تھے، لیکن اگلے 7 اوورس میں ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 98 رن جوڑ دیے۔ سنیل نرائن دسویں اوور کی آخری گیند پر جب آؤٹ ہوئے تو وہ 26 گیندوں پر 44 رن بنا چکے تھے۔ پھر جلد ہی کپتان رہانے بھی 31 گیندوں پر 56 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کولکاتا کی اننگ لڑکھڑا گئی اور 200 رنوں سے آگے بڑھنے کی امید بھی ٹوٹ گئی۔
کولکاتا نے 10 اوورس میں جہاں 2 وکٹ کے نقصان پر 107 رن بنائے تھے، وہ اگلے 10 اوورس میں محض 67 رن بنائے۔ انکرش رگھوونشی (30 رن) اور رنکو سنگھ (12 رن) کے علاوہ دوسرا کوئی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 20 اوورس میں ٹیم 174 رن ہی بنا سکی۔ بنگلورو کی جانب سے اسپن گیندباز کرونال پانڈیا نے 4 اوورس میں 29 رن دے کر سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں (اجنکیا رہانے، ونکٹیش ایئر، رنکو سنگھ) کو آؤٹ کیا، اور اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔ جوش ہیزل ووڈ کو 2 اور یش دیال، راسخ سلام و سویاش شرما کو 1-1 وکٹ ملے۔