رواں برس فروری میں دوسری شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ دیا مرزا کے ہاں دوسرے بچے کے پیدائش ہوئی ہے۔دیا مرزا نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دراصل ان کے ہاں دو ماہ قبل بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر بچے کے ہاتھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تفصیلی پوسٹ میں بتایا کہ بعض طبی پیچیدگیوں کے باعث ان کے ہاں 14 مئی کو اور وقت سے کچھ ہفتے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوئی۔

اداکارہ نے بتایا کیا کہ دوران حمل ان میں بعض طبی پیچیدگیاں ہوگئی تھیں، جن کی بروقت تشخیص نے انہیں بڑے خطرے سے بچالیا اور ڈاکٹرز نے مئی کے وسط میں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کرکے بچے کی قبل از وقت پیدائش کروائی۔

اداکارہ نے نیک تمنائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹروں اور بچے کی دیکھ بھال کرنے والی نرسز کی بھی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

دیا مرزا کی جانب سے اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ شیئر کیے جانےکے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ دیا مرزا نے رواں برس فروری کے وسط میں صنعت کار ویبھو ریکھی سے شادی کرلی تھی اور اپریل میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔

اداکارہ کی شادی کے چند ہفتوں بعد ہی ان کی جانب سے حاملہ ہونے کی تصدیق کرنے کے بعد اداکارہ کی تصویر میں ان کا بے بی بمپ بڑا نظر آنے پر چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئی تھیں۔