سنت كبيرنگر: اترپردیش میں سنت كبيرنگر ضلع کے دھنگھٹا علاقے میں ہفتے کی صبح گھاگھرا ندی میں ڈونگی کشتی پلٹ جانے سے چار خواتین سمیت 18 لوگ ڈوب گئے۔ جن میں ڈوبنے والی خواتین لاپتہ ہیں جبکہ 14 افراد تیر كر باہر آ گئے۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ دھنگھٹا علاقے کے بالمپور اور چپرا مشرقی گاؤں کے 18 لوگ ڈونگی کشتی پر سوار ہو کر گھاگھرا ندی کے دو حصوں میں تقسیم ریتا میں بوئی گئی دھان کی فصل کی کٹائی کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران کشتی پلٹ گئی اور سبھی لوگ ڈوب گئے۔ 14 لوگوں کو بحفاظٹ باہر نکال لیا گیا جبکہ دو خواتین چپرا مشرقی اور دو بالمپور کی لاپتہ ہو گئیں۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر نوٹس لیا ہے اور انہوں نے افسران کو بچاؤ کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی ایس ڈی ایم پرمود کمار، تحصیلدار وندیا پانڈے، ایس او رندھیر مشرا و دیگر افسران کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہو گئے۔
تحصیلدار وندنا پانڈے نے بتایا کہ بالمپور کی مایا (28)، ریکھا (28) اور چپرا مشرقی کی روپا (27)، کویتا (18) لاپتہ ہو گئی ہیں جن کی تلاش میں مقامی غوطہ خور مصروف ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ رويش گپتا، ایس پی برجیش سنگھ، ایس ڈی ایم پرمود کمار، سی او، اے کے پانڈے، انسپکٹر رندھیر مشر وغیرہ موقع پر موجود ہیں۔
این ڈی آر ایف کی ٹیم اور غوطہ خور مل کر خواتین کی تلاش میں مصروف ہیں۔ بحفاظت نکالے گئے لوگوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
