
ممبئی،21 جون (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور یوگ گرو بابارام دیو نے جمعہ کو پانچویں عالمی یوگا ڈے کے موقع پر ناندیڑ کے شیورتن جیواجی مہالے ماما چوک پر 1.10 لاکھ افراد کے ساتھ یوگا کیا۔

عالمی یوگا ڈے کے موقع پر بالی وڈ بھی پیچھے نہیں رہا اور اس موقع پر مشہور اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے سات برس کے بیٹے نے بھی ممبئی میں یوگا کیا۔ شلپا کے علاوہ ملائیکہ آروڑا، کنگنا راناوت،کرینہ کپور خان اور الیانہ نے بھی یوگا کیا۔
ناگپور میں سڑک اور نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھی یوگا میں حصہ لیا۔
مسٹر فڑنویس نے یوگا کے مشق کے لیے موجود افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا عظم نریندر مودی کی کوشش سے آج یوگا کو پوری دنیا نے اپنا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگا سے ہم جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رہ سکتے ہیں۔

بابا رام دیو کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹر رام دیو نےہندوستان کی عظیم ثقافت اور یوگا کو پوری دنیا میں پھیلایا۔ اس موقع پر مسٹر رام دیو نے موجود تمام افراد کو یوگا کرایا۔
یوگا میں حصہ لینے والے اہم افراد میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ راؤ گووندراؤ چکھلیکر اور ضلع افسر ارون ڈونگرے شریک تھے۔

گولڈن بک آف ورلڈ ریکارڈس کے نمائندے منیش بشنوئی نے یوگا کیمپ کو عالمی ریکارڈ کے طور پر نامزد کیا کیونکہ امسال کے انعقاد میں حصہ لینے والوں کی تعداد گذشتہ عالمی یوگا ڈے سے زیادہ ہے۔ گذشتہ برس یوگا ڈے کے موقع پر 91000 افراد نے ایک ساتھ یوگا کیا تھا۔

