ممبئی: 24 جون(ورق تازہ نیوز)بی یو ایم ایس کے ذریعہ پڑھائی مکمل کرکے طبی خدمات انجام دینے والے مسلم ڈاکٹروں کے ساتھ سوتیلا سلوک کیئے جانے والے مرکزی و مہاراشٹر حکومت کے فیصلہ کے خلاف ڈاکٹر خورشید عالم کی قیادت میںیونانی ایکشن کمیٹی نے جمعیة علماءمہاراشٹر (ارشدمدنی) کے توسط سے ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی تھی جو زیر سماعت ہے لیکن اسی درمیان حکومت نے سرکاری ویب سائٹ پر اعلان ظاہر کیا کہ بی یو ایم ایس ڈاکٹروں کی بھیCHOپوسٹ میں بھرتی کی جائے گی اور ان سے درخواستیں طلب کی ہیں ۔ویب سائٹ پر ظاہر کیئے گئے اعلان کے تناظر میں جمعیة علماءمہاراشٹر (ارشد مدنی) کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے بی یو ایم ایس ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد کاغذی کارروائی مکمل کریں اور حکومت کی جانب سے دی گئی سہولیات سے استفادہ حاصل کریں۔فارم بھرنے کی آخری تاریخ 1 جولائی ہے۔واضح ہو کہ حکومت نے حالیہ لوک سبھا الیکشن سے قبل ۹۱ فروری ۹۱۰۲ءکو مراٹھی لوک مت میں اعلانیہ جاری کیا تھا کہ اس پوسٹ کے لئے یونانی بی یو ایم ایس کو بھی شامل کیا جارہا ہے،پھر اچانک نیشنل ہیلتھ میشن مہاراشٹر نے اپنی ویب سائٹ پر ۲ مارچ ۹۱۰۲ءکو یہ پورے پروسیس کو رد کرنے کا اعلان کر دیا ۔سابقہ تلخ تجربہ کی بنیاد پر اور اکتوبر میںہونے والے مہاراشٹر اسمبلی مالیکشن کے مد نظر یونانی ایکشن کمیٹی اور جمعیة علماءکوئی رسک نہیں لینا چاہتی۔ لہذا کمیونیٹی کے بی یو ایم ایس ڈاکٹروں کو بہ عجلت مظاہرہ کرتے ہو ئے بڑے پیمانے پر اس سنہرے موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ یونانی ڈاکٹروں کے لیئے ہائی کورٹ میں قانونی لڑائی جاری ہے (سول رٹ پٹیشن 7778/2018 ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے)لیکن اب جبکہ حکومت نے از خود بی یو ایم ایس ڈاکٹروں کے تعلق سے عبوری فیصلہ کیا ہے ، ہمارے یونانی ڈاکٹروں کو اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ سرکاری ویب سائٹ کے مطابق کمیونیٹی ہیلتھ آفیسر کے لیئے حکومت نے ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کل 22 اضلاع میںپہلے مرحلہ میں 5 ہزار 716 خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لیئے عریضہ طلب کیئے ہیں اور ۱ جولائی تک کاغذی کارروائی مکمل کیئے جانے کا حکم جاری کیاہے۔مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ریاست کی ضلعی ومقامی یونٹوں کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر یونانی بی یو ایم ایس ڈاکٹروں سے ملاقات کر کے اس جانب توجہ دلائیں ،اور وقت مقررہ کے اندر ہی کاغذی کارروائی مکمل کرلیں۔