حیدرآباد: کانگریس کی یوم تاسیس تقریب حیدرآباد میں تلنگانہ کانگریس کے ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون میں بڑے پیمانہ پر منعقد کی گئی۔ اس موقع پر تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی نے پارٹی پرچم لہرایا۔انہوں نے پارٹی کے لئے خدمات انجام دینے والوں کو یاد کیا۔
انہوں نے 135سال کے عرصہ کے دوران کانگریس کی جانب سے ملک میں لائی گئی اسکیمات کی تفصیلات پیش کی۔ ملک کو متحد کرنے اور آگے لے جانے کے لئے کانگریس کی جانب سے کی گئی مساعی کی بھی انہوں نے وضاحت کی۔ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون پر بھی شدید نکتہ چینی کی۔
کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر نکالی جانے والی ”ملک کو بچاؤ۔دستور کو بچانے“ ترنگا ریلی کو پولیس کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی۔ گاندھی بھون سے لوور ٹینک بنڈ تک یہ ریلی نکالی جانے والی تھی تاہم پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے کانگریس کے لیڈروں کو گاندھی بھون سے باہر نکلنے سے روکنے کے لئے بڑے پیمانہ پر بندوبست کیا تھا۔ پولیس کے رویہ اور ان کو ریلی کی اجازت نہ دیئے جانے پرکانگریس کے لیڈروں نے پولیس اور حکومت پر شدید برہمی ظاہر کی ہے۔
ترنگا ریلی کی پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے پر کانگریس کے لیڈروں نے ستیہ گرہ بھوک ہڑتال شروع کردی۔ گاندھی بھون میں یہ بھوک ہڑتال 24 گھنٹے جاری رہے گی۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی سمیت کانگریس کے دیگر لیڈران کنتیا، ملو بھٹی وکرامارکا، سریدھر بابو اور دیگر نے اس بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
