ہنگولی :11/جولائی (ورق تازہ نیوز): ضلع ہنگولی میں ہفتہ کی صبح ایک بار پھر زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ صبح تقریباً 11 بج کر 26 منٹ پر زلزلے کے جھٹکوں کے ساتھ زمین کے اندر سے گڑگڑاہٹ جیسی آواز بھی سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 درج کی گئی، جبکہ اس کا مرکز اونڈھا ناگناتھ تعلقہ کے وسئی علاقے میں بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے ہلکے جھٹکے وسئی کے علاوہ ہنگنی، درگ دھامنی، ییدود کنجرا، جام گواں، لاوا اور اطراف کے متعدد دیہات میں بھی محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی احتیاطاً کئی شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعرات کی نصف شب ضلع ہنگولی، ناندیڑ اور پربھنی میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد خطے میں ایک مرتبہ پھر زلزلے کی سرگرمیوں کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔