ہماچل پردیش میں طوفانی بارش اور اس کے بعد تین جگہوں پر بادل پھٹنے کے واقعہ سے زبردست تباہی مچ گئی ہے۔ ریاست کے کُلّو کے نرمنڈ بلاک، ملانا اور منڈی ضلع میں بادل پھٹے ہیں جس کے بعد اب تک 3 لوگوں کی موت اور 50 سے زائد افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ بادل پھٹنے سے مکانات، سڑکوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ کئی مکانات اور سڑکیں بُری طرح تباہ ہوگئی ہیں۔
واقعہ کے بعد منڈی کے پدھر واقع سبھی اسکول اور تعلیمی اداروں کو فوری اثر سے بند کردیا گیا ہے۔ اس افسوسناک حادثہ پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہماچل پردیش کے شملہ، منڈی اور کلّو میں بادل پھٹنے سے کئی لوگوں کی موت اور بڑی تعداد میں لوگوں کے لاپتہہونے کی خبر دردناک ہے۔ ایشور مہلوکین کی روحوں کو سکون فراہم کریں۔
غمزدہ کنبوں کے تئیں میری گہری ہمدردی۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور ریاستی انتظامیہ کی کئی ٹیمیں پوری صلاحیت کے ساتھ راحت و بچاؤ کام میں لگی ہیں۔ ایشور سے ہماچل پردیش کی عوام کو محفوظ رکھنے کی دعا کرتی ہوں۔‘‘