شملہ: ہماچل پردیش کے ضلع کنور، لاہول اور چنبا ضلع کے پانگی اور بھرمور میں کم از کم درجہ حرارت میں زبردست کمی کے بعد درجہ حرارت صفر سے 12 سے 18 ڈگری نیچے چلا گیا۔ کلپا، کیلانگ اور کلو -منالی میں درجہ حرارت صفر سے نیچے چل رہا ہے۔ کیلانگ میں کم از کم درجہ حرارت صٖفر سے کم 3ء12 ڈگری، کلپا میں صفر سے کم 5ء3 ڈگری، منالی میں صفر سے کم 0ء1 ڈگری، بھنتر میں 8ء0 ڈگری اور سندرنگر میں 0ء2 ڈگری رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کلو، کنور، لاہول اور چنبا میں زبردست برف باری ہوئی۔ کور اور لاہول میں جھیلیں اور آبشاروں سمیت قدرتی پانیوں کے منبع منجمد ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ اونچے علاقوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
لاہول وادی میں زبردست برف باری سے بند بڑے روہتانگ درے کو بحال کرنے کے لئے ایک مرتبہ پھر بی آر او کے جوانوں نے کمر کس لی ہے۔ بی آر او کے جوانوں نے آج صبح صفر درجہ حرارت میں روہتانگ کی بحالی کا کام شروع کردیا۔ اس امید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ اگر موسم نے ساتھ دیا تو جلد ہی روہتانگ درے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بحال ہوجائیں گے۔
گزشتہ دو دنوں سے ریاستی راجدھانی سمیت ریاست میں پورے دن دھوپ نکلنے سے لوگوں کو سردی سے تھوڑی راحت ضرور ملی لیکن صبح وشام سخت سردی میں ٹھٹھرنا پڑرہا ہے۔ راجدھانی میں 2ء5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا ماننا ہے کہ ریاست میں 5 دسمبر تک موسم بالکل صاف رہنے والا ہے۔ لیکن درجہ حرارت میں اور کمی آئے گی۔
چنبا میں 5ء3 ڈگری، کوفری میں 7ء3 ڈگری، سولن میں 0ء3 ڈگری، پالم پور میں 5ء4 ڈگری اور ڈلہوزی میں کم از کم 3ء5 ڈگری رہا۔ محکمہ موسمیات مرکز کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ آنے والے ایک ہفتہ تک بارش اور برف باری کے امکانات نہیں ہیں۔ 5 دسمبر تک موسم صاف رہے گا لیکن سردی سے راحت نہیں ملے گی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
