ہرکنی نوتجارتی مہاراشٹر کی مقابلہ میں رابوڑی کے بنیاد مہیلا بچت گٹ کو اول مقام حاصل
نگراں وزیر ایکناتھ شندے کے ہاتھوں سے دو لاکھ کا چیک اور سرٹیفکیٹ دیا گیا
تھانے (آفتاب شیخ)
حکومت مہاراشٹر کی جانب سے بےروزگار خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے مہیلا بچت گٹ کا قیام کر انہیں مختلف قسم کے ٹریننگ اور سرکاری امداد کے ذریعے چھوٹے چھوٹے روزگار سے منسلک کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ بے روزگار خواتین خودکفیل ہوسکے۔ اسی منصوبے کا فائدہ تھانے کے قدیم مسلم آبادی والے علاقے رابوڑی میں مقیم خواتین کو پہنچانے کی غرض سے مقامی کارپوریٹر نجیب ملا نے کارپوریٹر وحیدہ مصطفیٰ خان کی قیادت میں چند خواتین پر مشتمل مہیلا بچت گٹ کی بنیاد رکھی۔ ان ہی میں سے ایک بنیاد مہیلا بچت گٹ کا سن 2014 میں نیلوفر بانگی کی صدارت میں قیام عمل میں آیا۔ تب سے ہی بنیاد مہیلا بچت گٹ سے منسلک خواتین چھوٹے چھوٹے روزگار سے منسلک رہی اور ان کی نجیب ملا اور وحیدہ خان نے ہر قدم پر رہنمائی کی۔ مہاراشٹر میں پلاسٹک پر پابندی عائد ہونے کے بعد نجیب ملا نے بنیاد مہیلا بچت گٹ کو کپڑے کی تھیلیاں تیار کرنے کا کام دیا جسے انہوں نے بخوبی اور نہایت ہی دلجمعی کے ساتھ انجام دیا ساتھ ہی ان کو کارپوریشن کی جانب سے مفت سلائی مشینیں بھی نجیب ملا اور وحیدہ خان کی کاوشوں سے مہیا کروائی گئی۔ حال ہی میں تھانے شہر سطح پر بچت گٹ کا بہترین انداز میں کام کرنے والے بچت گٹ کا مقابلہ منعقد کیا گیا تھا جس میں رابوڑی کے بنیاد بچت گٹ کو ان کے نمایاں کارکردگی کے لیے اول مقام حاصل ہوا اور انہیں حوصلہ افزائی کے لیے پچاس ہزار روپے اور سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ ساتھ ہی مہاراشٹر سطح پر بچت گٹ کے مقابلے کے لیے نامزد کیا گیا جس میں مہاراشٹر بھر سے ستر بچت گٹ کا انتخاب کیا گیا تھا نیلوفر بانگی نے بنیاد بچت گٹ کے قیام، اغراض و مقاصد، ماضی میں کیے گئے کام پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے عزائم سے منتظمین کو آغا کیا۔ اس میں بھی اپنی نمایاں کارکردگی اور نیلوفر بانکی کے ذریعے پیش کیے گئے پریزنٹیشن وغیرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیاد مہیلا بچت گٹ کو مہاراشٹر سطح پر بھی اول مقام سے نوازا گیا اور نگراں وزیر ایکناتھ شندے، تھانے پولیس کمشنر وویک فنسلکر، میئر میناکشی شندے و دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی میں دو لاکھ روپے کا چیک اور سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ اول مقام حاصل ہونے کے بعد سے بنیاد مہیلا بچت گٹ پر مبارکباد پیش کی جارہی ہیں۔ بچت گٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر نجیب ملا نے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ ہمارے علاقے کے بچت گٹ کو مہاراشٹر سطح پر اول مقام حاصل ہوا ہے ماضی میں بھی میں بچت گٹ کے ذریعے سے خواتین کو خودکفیل بنانے کے لئے کوشاں رہا ہوں اور مستقبل میں بھی حتیٰ الامکان کوشش کروں گا۔
