ناندیڑ:23اگست ( ورق تازہ نیوز)محسن انسانیت ‘رحمت العالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان ِاقدس میں گستاخی کے معاملات بھارت میں بڑھتے جارہے ہیں جس سے ہند کے مسلمانوں میں ایک عجیب سے بے چینی و ذہنی کشمکش پائی جاتی ہے ۔ ہرکچھ دنوں بعد کوئی نہ کوئی فرقہ پرست ذہنیت کا شہری سستی شہرت و سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخانہ کلیمات کہہ رہا ہے۔
حالانکہ ان گستاخوںکے خلاف مقدمات درج ضرور ہوتے ہیں لیکن اُن کی گرفتاری عمل میں نہیں آتی ہے ۔ اسی ضمن میں ناندیڑ کے دو جیالے نوجوانوں نے جذبہ ایمانی اور اپنے پیارے نبی ﷺ کی شان میںگستاخی کرنے والے ایک مٹھ کے مبینہ مہاراج کی گرفتاری کامطالبہ کرتے ہوئے ناندیڑضلع کلکٹر آفس کے روبرو گزشتہ تیس تا چالیس گھنٹوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔محمدیاسین چودھری ساکن اتوارہ ناندیڑ اور شیخ آفتاب شیخ یونس ساکن دیگلورناکہ ناندیڑ بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔
یاسین چودھری نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے ایمانی جذبے کے ساتھ کہا کہ ”یاتو رام گیری کی کی گرفتاری عمل میں آئے گی یا پھر ہمارا جنازہ اس مقام سے اٹھے گا“۔ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی ہمیں برداشت نہیں ہے ۔ ملعون کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی لیکن ہم اسکی گرفتاری تک بھوک ہڑتال پربیٹھیں گے۔
شیخ آفتاب نے بھی کہا کہ ہمارے حضور کی شان میں گستاخی کسی بھی مسلمان کیلئے ناقابل قبول ہے ۔انھو ں نے ناندیڑ کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ نماز حضور کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اسلئے وہ ہر نماز میں دعا ءکرے کہ اللہ اس ملعون کو نیست و نابود کردے اور ہماری ہمت افزائی وکامیابی کیلئے دعاءکریں۔آج بعدنماز جمعہ بڑی تعدادمیں مسلم نوجوان ہڑتالی مقام پر پہنچے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس کے علاوہ مختلف سماجی ‘ سیاسی پارٹیوں کے لیڈران بھی نے یہاں پہنچ کر اپنی تائید وحمایت کااعلان کیاہے۔