ناندیڑ:21 /جون۔ ( ورقِ تازہ نیوز)محکمہ تعلیمات پرایمری و ہائیرسیکنڈری ضلع پریشدناندیڑ کے ایجوکیشن آفیسروں کی دستخط سے 20جون 2023ءکو ایک مکتوب جاری کیاگیا ہے جس میں کہاگیاکہ ضلع ناندیڑ میں گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے اوردرجہ حرارت زیادہ ہے ایسے میں طلباءکو کُل وقتی اسکول میں حاضررہنامشکل ہوگیا ہے اسلئے ضلع کے اسکول صبح سیشن میں جاری رکھنے پر غور وخوص کیاگیا ۔
اسی لئے پرائمری وہائیرسیکنڈری محکمہ تعلیمات کے تحت ضلع پریشد و خانگی انتظامیہ کے تحت جاری اسکولوں کے اوقات 20جون تا30 جون2023ء تک صبح کے سیشن میں پیرتا جمعہ اسکول کے اوقات صبح آٹھ تا1 بجے تک اور ہفتہ کے دن صبح8تاصبح گیارہ بجے تک اسکول رہیں گے جبکہ 15 منٹ کا وقفہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیمات کے مکتوب جاری ہونے کے باوجود آج 21جون کو بیشتر خانگی اسکولوں میں دو شفٹ میں اور اسکول کُل وقتی ہی جاری رہے ۔محکمہ تعلیمات کو چاہئے کہ وہ خانگی اسکولوں کوسختی سے ہدایت دیں کہ اس مکتوب پر سختی سے عمل آوری کریں تاکہ طلبا ءکو دن بھر اسکول میں بیٹھنا نہ پڑے ۔
