گاندھی نگر، 15اپریل (یو این آئی) گجرات میں کورونا متاثر ایک کانگریس کے رکن اسمبلی سے ملاقات کرنے کے بعد وزیراعلیٰ وجے روپانی یہاں اپنی رہائشگاہ میں احتیاطاً قرنطینہ میں چلے گئے ہیں اور وہ تکنیکی سہولتوں کے ذریعے حکومت کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ ڈاکٹروں نے مسٹر روپانی کا ٹیسٹ کیا ہے اور وہ مکمل صحت مند ہیں۔ وہ احتیاطاً کم از کم ایک ہفتے تک الگ تھلگ رہیں گے۔
واضح ہو کہ احمدآباد کے جمال پور کھاڈیا حلقے سے کانگریس کے رکن اسمبلی عمران کھیڑاوالا اور دو دیگر اراکین اسمبلی نے مسٹر روپانی سے گذشتہ روز صبح میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس سے پہلے انہوں نے کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے دے رکھے تھے۔ شام کو ان کی رپورٹ پوزیٹیو آئی اور انھیں کورونا متاثر پایا گیا۔ انھیں احمدآباد کے سردار پٹیل اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔متذکرہ ملاقات میں کانگریس کے رکن اسملبی غیاث الدین شیخ اور اسمبلی میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر شیلیش پرمار اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل اور وزیر مملکت پردیپ جڈیجہ بھی موجود تھے۔ مسٹر کھیڑاوالا نے میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو بھی کی تھی۔