گائےپورے دنیا کی ماں ہے: خان

اجمیر،09اکتوبر(یو این آئی)معروف گئو کتھا واچک محمد فیض خان نےکہا ہے کہ ہندوستان دنیا کا سب سے عظیم مندرو مسجد ہے اور گائے پوری دنیا کی ماں ہے۔’گئو سیوا سدبھاؤنا پد یاترا‘کے تحت اجمیر پہنچے مسٹر خان نے آج یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا مسلمان پوری طرح سے محفوظ ہے اور صرف اللہ ہی نہیں بلکہ پیغمبر اسلام اورحضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی بھی گائے سے محبت کرنے والے ہیں۔ ماب لنچنگ اور گائے کے مسئلے پر انہوں نے میڈیا کا شعبدہ قرار دیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ گائے جیسے مسئلے کو نیشنل الیکٹرانک میڈیا میں درست طریقے سے نہیں اٹھایا جاتا۔


انہوں نے کہا کہ 24جنوری 2017 کو لیہہ لداخ سے انہوں نے اپنا پیدل دورہ شروع کیا اور 13 ہزار کلومیٹر چل کر 19ریاستوں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے 20ویں ریاست راجستھان پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اتنے طویل پیدل دورےکے دوران ہندو، مسلم،سکھ، عیسائی، پارسی اور جے جنیندر کہنے والوں نے بھی انھیں گلے سے لگایا۔


مسٹر خان نے کہا کہ 27ماہ کے اس دورےمیں انہوں نے اپنے تجربہ سے یہ اخذ کیا کہ سماجی اصلاحات میں ’گئو ماتا‘کا بہت بڑا رول ہے۔ انہوں نے ’گئو سیوا‘کے شعبے میں راجستھان میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’گئو سیوا‘سب سے اوپر ہے۔۔
مسٹر خان بنیادی طور پر سورج پورہ ،رائے پور(چھتیس گڑھ) سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا میدانِ عمل دہلی ہے۔وہ پیدل مارچ کے دوران بھگوا کرتا ملبوس کیے ہوئے ہیں اور بابائے قوم گاندھی جی سے متاثر ہوکر لاٹھی بھی تھامے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ وہ عظیم شخصیات سے تحریک لے کر پیدل چل رہے ہیں۔ ان کا مقصد گائے کی حفاظت اور ہندوستان کو اٹوٹ قائم رکھنے کی کوشش ہے۔
مسٹر خان نے آج یہاں خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ کی زیارت بھی کی۔ وہ شام کو تیرتھ راج پُشکر میں ’پوِتر سروور‘کی پوجا ارچنا کے ساتھ ساتھ برمہا جی کے درشن بھی کریں گے۔ پُشکر میں ہی رات گزار کر وہ صبح کشن گڑھ کے لیے روانہ ہوں گے۔ مسٹر خان 16 اکتوبر کو جے پور پہنچ جائیں گے۔ ان کا پیدل دورہ تقریباً 15 ہزار کلومیٹر کا ہوگا اوریہ جموں میں ختم ہوگا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading