گائمکھ گھاٹ سڑک کی مرمت اور اسفالٹ کا فیصلہ مانسون میں ٹریفک ک ی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدام

گائمکھ گھاٹ سڑک کی مرمت اور اسفالٹ کا فیصلہ

مانسون میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدام

تھانے (آفتاب شیخ)

مانسون کے دوران گائمکھ گھاٹ سڑک پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے محکمہ تعمیرات عامہ کو اس سڑک کی مرمت اور اسفالٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمشنر کے مطابق، سڑک کی کنکریٹ کاری کا عمل فی الحال ممکن نہیں کیونکہ اس کے لیے محکمہ جنگلات سے ضروری اجازت درکار ہے۔

گائمکھ گھاٹ سے فاؤنٹین ہوٹل تک کی سڑک میرا-بھائیندر میونسپل کارپوریشن کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ نے گائمکھ گھاٹ کی کنکریٹ کاری کا ٹینڈر مکمل کر لیا ہے۔ تاہم، کام کا آغاز محکمہ جنگلات کی منظوری کے بعد ہوگا۔ اس پس منظر میں کمشنر راؤ نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ مانسون کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑک کو فوری طور پر مرمت کرکے اسفالٹ کیا جائے۔

تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کی زیر صدارت گھوڑبندر روڈ کے مسائل پر ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں میونسپل اور ٹریفک پولیس افسران، ایم ایم آر ڈی اے، میٹرو، محکمہ تعمیرات عامہ، اور دیگر ایجنسیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ‘جسٹس فار گھوڑبندر روڈ فورم’ کے نمائندوں نے گائمکھ گھاٹ سڑک کی موجودہ صورتحال پر سوالات اٹھائے اور اس کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں کاسروڈولی فلائی اوور کے تعمیراتی کام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹرو پروجیکٹ کو 30 اور 31 مارچ تک تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ کو 5 اور 6 اپریل کو سڑک کی مرمت کرنی ہوگی۔

میونسپل کمشنر نے ہدایت دی کہ گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک وارڈنز کی تعداد بڑھائی جائے اور ان کے مالی مسائل حل کیے جائیں۔ اس کے علاوہ بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیوں، اسکولوں، مالز اور تجارتی اداروں کو بھی ٹریفک کنٹرول میں تعاون کے لیے وارڈنز تعینات کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

مانسون کے دوران بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کو رات 9 بجے کے بعد تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس حوالے سے مزید بات چیت کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ حتمی فیصلہ کرے گا۔

میونسپل کمشنر نے آنند نگر کے غیر قانونی آر ایم سی پلانٹ کو بند کرنے کی ہدایت دی اور ہفتہ وار بازاروں کے انعقاد کے بعد صفائی کو یقینی بنانے کے لیے نئے ضوابط متعارف کرانے کا عندیہ دیا۔ اس کے علاوہ، زیر التواء ترقیاتی کاموں، سی سی ٹی وی نیٹ ورک، سڑکوں کی مرمت، اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں