کوٹہ سے تقریباً 75000 طلبہ اترپردیش روانہ

جے پور، 18 اپریل (یو این آئی) راجستھان کے شہر کوٹہ میں پڑھائی کرنے والے اترپردیش کے تقریباً ساڑھے سات ہزار طلبہ کو گھر روانہ کر دیا گیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے دوران شہر کوٹہ میں پھنسے اتر پردیش کے ان طلبہ کو تقریباً 250 بسوں کے ذریعے دو مرحلے میں روانہ کیا گیا۔ ان طلبہ کو لانے کے لیے اترپردیش نے یہ بسیں بھجوائیں اور جمعہ کی رات کو 100 بسوں میں تقریباً 3000 طلبہ کو اترپردیش روانہ کیا گیا۔

بعد ازاں ہفتے کے روز 152 بسوں میں تقریباً 4500 طلبہ کو اترپردیش کے لیے روانہ کیا گیا۔ ایک بس میں تیس طلبہ کو لے جایا گیا۔ ان طلبہ کو روانہ کرنے سے قبل ان کی اسکریننگ کی گئی اور تمام بسوں کو سینیٹائزڈ کیا گیا۔ کچھ طلبہ کے ساتھ ان کے گارجین بھی تھے۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ اس بارے میں مرکزی حکومت سے بات کی تھی اور اس کے بعد اترپردیش نے بسیں بھیجیں اور ہم نے طلبہ کو بھیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ، آسام، مغربی بنگال اور آندھرا پردیش کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے کہ وہاں رہنے والے مہاجر راجستھانیوں کو کوئی تکلیف نہ ہو، ان کے کھانے پینے کا انتظام ہو۔ انہوں نے کہا کہ انھیں لانے کے لیے مرکزی حکومت سے بات چیت کے بعد ہی کوئی کام کیا جا سکتا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading