کورونا کے مریضوں کو کورنٹائن کے لئے ریلوے نے تیار کئے 5231 کوچ

نئی دہلی، 15 جون (یواین آئی) انڈین ریلوے نے کورونا کے مریضوں کوکورنٹائن کرنے کے لئے ایڈیشنل انفرااسٹرکچر کے طور پر 5231 کوچ تیار کئے ہیں جن میں 500 کوچ دہلی میں تعینات کئے جائیں گے۔ریلوے بورڈ کے صدر ونود کمار یادو نے آج ایک ورچول پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی حکومت نے 500 کوچوں کا مطالبہ کیا ہے جن میں پچاس کوچ شکورپور بستی اسٹیشن پر رکھے گئے ہیں۔
منگل تک 200 اور کوچ دہلی میں تعینات کردیئے جائیں گے۔ دہلی حکومت کے علاوہ اترپردیش اور تلنگانہ نے کورونا کے مریضوں کو کورنٹائن کرنے کے لئے کوچوں کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نےبتایا کہ ریلوے نے مجموعی طور سے 5,231 کوچ تیار کیا ہے۔ ان کوچوں کو ریاستی حکومتوں کی درخواست پر تعینات کیا جائے گا۔ ان کوچوں کے رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری ریلوے کی ہوگی جبکہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری ریاستی حکومتیں فراہم کرائے گی۔ کورونا کے مریضوں کے لئے بنائے گئے ان ہر اسپیشل ٹرینوں کو نزدیک میں واقع اسپتال سے منسلک کرنا ہوگا۔ صرف ہلکے علامات والے مریضوں کو ہی ان کوچوں میں رکھا جائے گا اورکسی مریض کی حالت سنگین ہونے پر اسے متعلقہ اسپتال میں منتقل کردیا جائے گا۔

مسٹر یادو نے بتایا کہ ہر کوچ میں آٹھ کیبن ہوتے ہیں۔ ایک کیبن میں ایک ہی مریض کو رکھا جائے گا لیکن اگر ضروری ہوا تو جن مریضوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوچکی ہے، ایسے دو مریضوں کو ایک کیبن میں رکھا جاسکتا ہے۔ مشتبہ مریضوں کو کسی بھی صورت میں کیبن اشتراک نہیں کرنے دیا جائے گا۔

مسافر کوچوں کو کورنٹائن کوچ میں بدلنے کے اخراجات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس پر بے حد معمولی خرچ آیا ہے۔ کوچوں میں کچھ خاص تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور زیادہ تر چیزیں جو لگائی گئی ہیں انہیں بعد میں ہٹاکر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ریلوے نے اپنی طرف سے 215 اسٹیشنوں کی فہرست دی ہے جہاں ان ٹرینوں کو تعینات کیا جاسکتا ہے۔ یہ ویسے اسٹیشن ہیں جہاں ریلوے بجلی اور پانی کی سہولت مہیا کراسکتا ہے۔ ان میں سے 85 اسٹیشنوں کے پاس اس کے اسپتال بھی ہیں اور ضرورت پڑنے پر ریلوے اسپتال کے ڈاکٹروں کی خدمات بھی مہیا کرائی جاسکتی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading