بھیونڈی ( شارف انصاری ):- مئیر کی جانب سے پورے بھیونڈی میں 15 دنوں کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے اعلان کا بھیونڈی کے متعدد کارپوریٹروں ، سیاسی پارٹی کے رہنماؤں ، سماجی تنظیم سے وابستہ افراد ، دکانداروں ، آٹو رکشہ مالکان و ڈرائیوروں ، کارخانہ مالکان ، پاور لوم مالکان اور دیگر فیکٹری و کارخانہ مالکان اور سبزی فروشوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کرنا شروع کردیا ہے ۔
واضح ہو کہ بھیونڈی میں کورونا بیماری کے بڑھتے ہوئے اثرات کو روکنے کے لئے 2 دن قبل بھیونڈی کارپوریشن کی میئر پرتبھا ولاس پاٹل نے ایک ویڈیو جاری کر بھیونڈی کو 15 دنوں کے لئے مکمل لاک ڈاون کرنے کی تجویز کا اعلان کیا تھا ۔ اس تجویز پر بھیونڈی کی سیاست پوری طرح سے گرما گئی ہے ۔ کارپوریشن کے متعدد کارپوریٹروں نے بھی میئر کی اس تجویز کی مخالفت کی ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ یہ مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت نے سوا 2 مہینے سے زائد وقت کا لاک ڈاؤن کیا تھا ۔ لاک ڈاون کھلنے کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔اسی طرح شہر کے دکانداروں ، آٹو رکشہ ڈرائیور و مالکان اور دیگر صنعتوں و کاروبار سے وابستہ کاروباری افراد نے بھی اس تجویز سے متفق نہیں ہیں ۔ بھیونڈی رکشہ چالک مالک مہا سنگھ کے صدر خالد عرفان نے بتایا کہ آٹو رکشہ والے فاقہ کشی کے قہر کو جھیل رہے ہیں ۔ اگر کارپوریشن انتظامیہ کو 15 دنوں کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کرنا ہے تو وہ پہلے بھیونڈی شہر کے 15،000 آٹو رکشہ ڈرائیوروں و مالکان کو کھانے کا سامان مہیا کرائیں تاکہ ان کے اہل خانہ اور بچے فاقہ کشی سے بچ سکیں ۔
اس تناظر میں سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بھیونڈی شہر ضلع ایم آئی ایم پارٹی کے لیڈران نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمشنر لاک ڈاؤن میم غریب مزدوروں کی مدد کرنے اور کورونا بیماری کو روکنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہے وہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے سیاسی سازشیں رچ رہے ہے ۔ بھیونڈی میں لوگوں کی ہو رہی بے تحاشہ موت کے ذمہ دار میونسپل کمشنر ہے جنہیں فوری طور پر ہٹا کر دیگر کارپوریشن کی طرح بھیونڈی میں بھی آئی اے ایس آفیسر درجے کا کمشنر تعینات کیا جائے ۔ تب ہی حالات قابو میں آئیں گے ۔
میونسپل کمشنر اور کارپوریشن کے میڈیکل آفیسر مل کر موت کا کھیل کھیل رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پیچھے بدعنوانی کے معاملات کو دبانے کے لئے یہ ایک سوچی سمجھی سیاست ہے ۔ آج شہر میں کاروبار صنعت سے لے کر مزدوروں تک کی معاشی صورتحال بہت خراب ہے ۔ ایسی صورتحال میں ایک بار پھر 15 دن کا لاک ڈاؤن مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ انھوں نے میئر ، میونسپل کمشنر سے سوال کیا ہے کہ اگر 15 دن کے لاک ڈاون کے بعد بھی شہر میں ہونے والی اموات کا سلسلہ بند نہیں ہوا تو کیا وہ اس کی ذمہ داری قبول کریں گے ؟ اسی طرح سبزیاں بیچنے والے لوگوں نے کہا کہ ہم شہر میں اس طرح کی خراب حالت میں رہ کر کسی طرح اپنا اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کر کے گزارا کر رہے ہیں ایسے میں دوبارہ لاک ڈاؤن ہماری کمر پوری طرح توڑ کر رکھ دیں گا ۔
ہمارے گھروں میں راشن اور اسے لانے کیلئے پیشہ نہیں بچا ہے ۔ پاورلوم کارخانہ مالکان کا کہنا ہے کہ کارپوریشن انتظامیہ شہریوں کے ساتھ تعاون نہیں کرتی اس کے برعکس قانون پر قانون بنا کر لاگو کر لوگوں کو پریشان کرنے کے سوا یہ کچھ نہیں ہے ۔ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بہت سے کارخانہ مالکان نے بتایا کہ بڑی مشکل سے مزدوروں کو روک کر 24 گھنٹوں میں ایک شفٹ کارخانہ چلایا جارہا ہے ۔ اگر اس بار پھر سے بھیونڈی میں پوری طرح عوامی لاک ڈاؤن کیا گیا تو مزدور واپس گاؤں چلے جائیں گے جن کا پھر واپس آنا مشکل ہوگا ۔ کارپوریشن انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ کنٹینمنٹ والے علاقے میں لاک ڈاؤن کریں جہاں کورونا بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور وہاں حکومت کے ہدایت کردہ قواعد پر سختی سے عمل کرایا جائے ۔ دکانوں پر معاشرتی دوری کے قواعد سختی سے نافذ کیا جانا چاہئے ۔ ایم آئی ایم کے شاداب عثمانی نے بتایا کہ ہم میئر کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کرتے امیر تو اپنا گھر خرچ چلا لےگا لیکن کوئی بھی غریبوں کی مدد کرنے کے لئے آگے نہیں آتا ہے انتظامیہ متوسط طبقے کے گھرانوں اور غریبوں کے دکھ اور تکلیف کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ لاک ڈاؤن میں کارپوریشن انتظامیہ کے اہلکاروں نے غریبوں کے ساتھ کیا کھیل کھیلا ہے اس بات کو لوگ ابھی تک بھولے نہیں ہیں ؟ اس معاملے میں کارپوریشن انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ لاک ڈاون کر پوری بھیونڈی کو بند کرنے سے اچھا ہے کے انتظامیہ چست درست ہوکر مریضوں کے علاج کی سہولیات کو بڑھائیں اور لاک ڈاؤن کے رہنمائی اصولوں پر سختی سے عمل کرائے ۔