آسام کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ترون گگوئی کا آج گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ ریاست کے وزیر صحت ہیمنت بسوا شرما نے پیر کے روز صبح میں بتایا تھا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر گگوئی کی طبیعت مزید خراب ہوگئی ہے اور انھیں پوری طرح سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ لیکن ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے بعد بھی انھیں بچایا نہیں جا سکا۔
ترون گگوئی کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد سیاسی ہستیوں کے ذریعہ اظہارِ غم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں ترون گگوئی کے اہل خانہ کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ترون گگوئی ایک سچے کانگریسی تھے۔ انھوں نے اپنی زندگی آسام کے ہر شخص اور کمیونٹی کو ایک ساتھ جوڑنے میں صرف کر دی۔ میرے لیے وہ ایک عظیم شخصیت اور استاذ کی طرح تھے۔ میں ان سے بے پناہ محبت کرتا تھا اور میرے دل میں ان کے لیے بھرپور احترام ہے۔ وہ مجھے یاد آئیں گے۔ میری نیک خواہشات اور ہمدردیاں گورو اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘‘