مہاراشٹر میں کورونا وائرس کا قہر ہندوستان کی دوسری ریاستوں کے مقابلے کچھ زیادہ ہی نظر آ رہا ہے۔ پیر کے روز یہاں 12 نئے معاملے سامنے آئے جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 215 ہو گئی۔
آج صبح پونے میں ایک نجی اسپتال میں 52 سالہ شخص کی موت ہوگئی ہے۔ اس کورونا مریض کا علاج پونے کے دناناتھ منگیشکر اسپتال میں جاری تھا۔ یہ شخص پہلے ہی پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس شخص نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا۔ ویسے ، یہ شخص بیرون ملک سے کسی کے ساتھ رابطہ نہیں کیا تھا۔ یہ پونے میں پہلا کورونا شکار ہے اور ریاست میں 9 واں شکار ہے۔
ممبئی: یو این آئی : مہاراشٹر میں کورونا وائرس (کووِڈ-19) کا قہر جاری ہے اور پیر کو یہاں 12 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اب ریاست میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 215 ہو گئی ہے۔ ریاست کے صحت افسران نے بتایا کہ 12 میں سے پانچ معاملے پونے، ممبئی میں تین، ناگپور میں دو اور کولہاپور- ناسک میں ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ ریاست میں اس وبا سے اب تک آٹھ افراد کی موت ہوچکی ہے جو پورے ملک کے کسی بھی ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔
افسران کے مطابق اس وقت کورونا وائرس (کووِڈ-19) کے ممبئی میں 88، پونے میں 42، سانگلی مین 23، ناگپور میں 16، احمد نگر میں پانچ اور یوتمال میں چار، ستارا اور کولہاپور میں دو جبکہ ناسک، رتنا گری، اورنگ آباد، سندھو دُرگ، گونڈیا، بُلڈھانہ اور جلگاؤں میں ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ ریاست میں اب تک 38 مریضوں کے مکمل صحتیاب ہونے کے بعد انھیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ریاست میں 17,151 افرد کو ان کے گھروں میں کوارنٹائن کیا گیا جبکہ 960 افراد کو مختلف اداروں میں کوارنٹائن کیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ پورے ملک میں کورونا سے اب تک 29 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 1190 افراد متاثر ہیں۔ اب تک مہاراشٹر میں سب سے زیادہ آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔ جہاں تک متاثرین کی تعداد کا سوال ہے تو مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 215 اور کیرالہ میں 202 افراد کورونا کی زد میں ہیں۔ تیسرے مقام پر کرناٹک ہے جہاں اب تک 83 لوگ کورونا وائرس پازیٹو پائے گئے ہیں۔