مکہ مکرمہ – اسلام کے سب سے مقدس مقام کعبہ کے آس پاس کے علاقے کو جمعرات کے اوائل خالی کر دیا گیا تھا ، جب صحت عامہ نے کورونا وائرس کے خدشات کے درمیان اس علاقے کی صفائی ی کی تھی ، اور اس کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ عشاءکی نماز ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ دونوں مساجد فجر کی نماز سے ایک گھنٹے قبل کھول دی جائیں گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ’ یہ فیصلہ حفاظتی صحت تدابیر، کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیاہے‘۔

مسجد نبوی الشریف کا قدیم حصہ بھی بند رہے گا( فوٹو ، سوشل میڈیا)
انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ ’جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجدکے اندر ہوں گی‘۔
انتظامیہ کے عہدیدا ر نے توجہ دلائی کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا ۔ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنو ں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی‘۔
ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیاہے کہ اعتکاف اور مسجد میں بستر ڈالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ کھانے پینے کی اشیا لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی۔ آب زمزم کی سبیلیں بھی بند کردی جائیں گی۔
انتظامیہ کے عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت روضہ شریفہ سمیت مسجد نبوی کا پرانا والا حصہ بھی بند کردیاجائے گا جبکہ جنت البقیع بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے حرم مکی الشریف میں کورونا وائرس سے بچاو کے پیش نظر جمعرات کی سہہ پہرعصر کی نماز کے بعد سے زائرین سے خالی کرانے کا آغاز کردیاگیا تھا تاکہ صحن مطاف کو جراثیم کش ادویات سے دھو کر صاف کیاجائے۔
جنت البقیع بھی عارضی طور پر بند کر دی جائے گی ( فوٹو سوشل میڈیا)
حرم مکی الشریف میں موجود زائرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے حرم شریف کی چھت سے طواف کرنے کی اجازت دی تھی جبکہ زیریں حصے میں کسی کو داخل ہونے نہیں دیا جارہا تاکہ وہاں جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیاجاسکے۔
سعودی عرب نے اب تک غیر ملکیوں ، شہریوں اور رہائشیوں کے ساتھ ساتھ خلیجی شہریوں کی طرف سے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑھتے ہوئے خدشات کے سبب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں کی زیارتوں پر غیر معمولی معطلی میں توسیع کردی ہے۔