کودنڈارام، عامر علی خان نے ایم ایل سی ارکان کی حیثیت سے حلف لے لیا

حیدرآباد: ماہر تعلیم پروفیسر کودنڈا رام اور جرنلسٹ عامر علی خان نے جمعہ کے روز یہاں تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ارکان کا حلف لیا۔ صدرنشین کونسل جی سکھندر ریڈی نے اپنے چیمبرمیں ان دو ارکان کو حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور کانگریس کے کئی قائدین موجود تھے۔

حلف لینے کے بعد ایم ایل سی پروفیسر کودنڈارام نے انہیں کونسل کارکن نامزد کرنے پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودانڈا رام نے کہا کہ وہ، اُن تمام افراد کے توقعات پر پورا اتر نے کی بھر پور سعی کریں گے۔

جنہوں نے علیحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا اور علیحدہ تلنگانہ کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ کئی افراد کی قربانیوں سے آج انہیں یہ مقام ملا ہے۔ کودنڈا رام، تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ ہیں۔

ان کی جماعت نے گزشتہ سال نومبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی تائید وحمایت کی تھی جبکہ عامر علی خان ایک موقر اردو روزانہ”سیاست“ کے نیوز ایڈیٹر ہیں۔ کو دنڈا رام عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کنوینر جے اے سی کی حیثیت سے علیحدہ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اس جے اے سی میں بی آر ایس بھی شامل تھی۔تاہم تشکیل تلنگانہ کے بعد پروفیسر کودنڈا رام اور ٹی آر ایس لیڈر کے چندر شیکھر راؤ کے درمیان اختلافات بڑھتے گئے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading