بیجنگ:چین نے جموں وکشمیرکا خصوصی درجہ ختم کرنےکے ہندوستان کے فیصلے پرتبادلہ خیال کےلئےاقوام متحدہ سلامتی کونسل (یونائیٹیڈ نیشنس سیکورٹی کونسل) کی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک سینئرسفیرنے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بیجنگ کے قریبی معاون پاکستان نے اس بارے میں اگست ماہ میں سیکورٹی کونسل کےصدرپولینڈ کوخط لکھا تھا۔
ااقوام متحدہ کے سفیرنے بتایا کہ میٹنگ بلانے کی اپیل حال ہی میں کی گئی۔ حالانکہ میٹنگ کے لئےکوئی وقت متعین نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ‘چین نے سلامتی کونسل کے ایجنڈا میں شامل ‘ہند- پاک سوال’ پرتبادلہ خیال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ پاکستان کی طرف سے سلامتی کونسل کے صدرکولکھے خط کے ضمن میں کیا گیا ہے’۔حال ہی میں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ان کے ملک نے جموں وکشمیرکا خصوصی درجہ ختم کرنے کے ہندوستان کے فیصلے پرتبادلہ خیال کرنے کے لئے سلامتی کونسل کی ایمرجنسی میٹنگ بلانے کا رسمی مطالبہ کیا ہے۔