مہاراشٹر میں خاموش احتجاج کریں‘ بازو پرسیاہ پٹی باندھیں‘ میمورنڈم دیں : مولانا ندیم صدیقی
ممبئی۔ 12 دسمبر (ورق تازہ نیوز)۔ شہریت ترمیمی بل 2019 جن بنیادوں پرپارلیمنٹ میں منظور کی گئی ہے وہ نہ صرف آئین کے خلاف ہے بلکہ ملک کے سیکولر کردار کو ختم کرنے والی ہے،ایک ایسے ملک جہاں مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں وہاں مذہبی بنیاد پر تفریق کرنا ملک کی جمہوریت اور سیکولزم کے خلاف ہے،یہ ایک انتہائی خطرناک بل ہے اس متعصبانہ غیر دستوری بل کی مخالفت میں کھڑا ہونا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔یہ با تیں آ ج یہاں جمعیة علماءمہا راشٹر کے صدر مولانا حا فظ محمد ندیم صدیقی نے جمعیة علماءکی جا نب سے 13ڈسمبرجمعہ کے دن شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میںممبئی سمیت مہا راشٹر بھر میں منعقد ہو نے والے احتجاجی مظاہرہ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہی ہیں۔
دفتر جمعیة علماءمہا راشٹر (واقع زین العابدین بلڈنگ بھنڈی بازارممبئی)سے جاری اپنے بیان میں مولانا ندیم صدیقی نے کہا کہ فرقہ پرست حکومت کے یکے بعد دیگر اقلیت مخالف فیصلوں کی وجہ سے مسلمان انتہائی نازک حالات سے دو چار ہیں اور خوف و مایوسی کے عالم میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں، حکومتی اور عدالتی سطح پر صادر ہوئے حالیہ فیصلوں کی وجہ سے ملک کا سیکولر کردار خطرے میں ہے،گذشتہ دنوں پارلیمنٹ میں ”قومی شہریت ترمیمی بل“ جو مذہب کی بنیاد پر منظور کیا گیا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے اس میں جان بوجھ کر مسلمانوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ قانونی نقطہ نظر سے تمام افراد چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں انھیں شامل کرنا چاہئیے تھا،شہریت ترمیمی بل میں مسلم سماج کو شامل نہ کرنا ملک کے دستور کے خلاف ہے،جس کی بنیاد پر ہمیں یہ بل منظور نہیں ہے اور ہم اس کی سخت مذمت اور مخالفت کرتے ہیں۔
مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ جمعیة علماءہند کے ذمہ داروں خصوصا امیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری (صدر جمعیة علماءہند) اور قائد ملت اسلامیہ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب(جنرل سکریٹری جمعیة علماءہند) نے ملک کے دستور اور اس کی روایا ت کے معارض”شہریت ترمیمی بل“2019 (CAB)کے خلاف 13 دسمبر 2019 بروز جمعہ ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرہ کا اعلان اور فیصلہ کیا ہے۔ اس لئے تمام ضلعی، شہری، تعلقوں کے ذمہ داروں سے اپیل ہے کہ 13دسمبر 2019 کو جمعیة علماءکی جا نب سے اپنے اپنے علاقوں میں خاموش اور پر امن”احتجاجی مظاہرہ“کا انعقاد کریں۔اس موقع پر اپنے ہاتھ میں پلے کارڈ اور بازو میں کالی پٹی ضرور باندھیں،اور کلکٹر،ڈپٹی کلکٹر اور تحصیلدار کو میمورنڈم دیں،انہوں نے عامة المسلمین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا امتیاز مذہب و مسلک اس احتجاجی مظاہرہ میں امڈتے سیلاب کی طرح شرکت کریں۔مزید تفصیلات کے لئے مندرجہ ذیل نمبرات پر رابطہ کریں۔
جمعیةآفس نمبر:022.23712323 ٭ مولوی عتیق الرحمن 9930523437 ٭ مولانا سہیل احمد قاسمی: 9167989203 حافظ روح اللہ 913747902