کسانوں کے لیے خوشخبری! آئندہ 72 گھنٹوں میں بارش کا امکان، کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز دھوپ؛ محکمۂ موسمیات کی تازہ پیش گوئی

ممبئی:ریاست میں گزشتہ کچھ دنوں سے بارش کی سرگرمی میں کمی دیکھی جا رہی ہے، ایسے میں مشرقی ودربھ کے کسانوں کے لیے محکمۂ موسمیات نے راحت کی خبر دی ہے۔ آئندہ 3 سے 4 دنوں کے دوران مشرقی ودربھ کے بعض اضلاع میں اچھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گوندیا، بھنڈارا، گڑھ چرولی، چندرپور اور ناگپور اضلاع کے لیے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مغربی ودربھ کے بعض اضلاع میں ہلکی بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم کیسا رہے گا، آئیے جانتے ہیں۔

خلیجِ بنگال میں بننے والے موسمی نظام کا اثر

ناگپور محکمۂ موسمیات کے سائنس دان ڈاکٹر پروین کمار کے مطابق خلیجِ بنگال میں ایک موسمی نظام تشکیل پایا ہے۔ یہ نظام آگے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث مشرقی ودربھ کے موسم پر اس کا اثر پڑنے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کے اثر سے مشرقی ودربھ کے بعض علاقوں میں اچھی جبکہ کچھ مقامات پر معمولی بارش ہوسکتی ہے۔

تاہم اگست کے مہینے میں ودربھ میں بارش کی شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو تقریباً 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ایسے میں آنے والے دنوں میں ہونے والی بارش کسانوں کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے تازہ اندازے کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران مشرقی ودربھ کے کئی علاقوں میں بارش کی سرگرمی میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسم خشک اور دھوپ والا بھی رہ سکتا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading