کانگریس کے ۷ ہزار نونامزد عہدیداران کے لیے 26 تا 29 مئی تلک بھون میں تربیتی کیمپ کا انعقاد

کانگریس کے ۷ ہزار نونامزد عہدیداران کے لیے 26 تا 29 مئی تلک بھون میں تربیتی کیمپ کا انعقاد

کانگریس ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی موجودگی میں مختلف شعبوں کے ماہرین رہنمائی کریں گے

ممبئی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ’’سنگٹھن سرجن ابھیان‘‘ کے تحت ریاست بھر میں مختلف سطحوں پر عہدیداران کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔ اس مہم کے ذریعے کانگریس پارٹی نے تقریباً سات ہزار نئے عہدیداران کی تقرری کی ہے۔ ان نو مقرر عہدیداران کے لیے ایک خصوصی تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو 26 مئی سے 29 مئی تک ممبئی کے تلک بھون میں شعبہ وار طریقے سے منعقد ہوگا۔ اس تربیتی کیمپ میں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی خصوصی موجودگی رہے گی، جبکہ مختلف شعبوں کے ماہرین اور تجربہ کار افراد نو منتخب عہدیداران کی رہنمائی کریں گے۔

ریاستی کانگریس کے نائب صدر برائے تنظیم و انتظامیہ ایڈوکیٹ گنیش پاٹل نے اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے کے مقصد سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ’’سنگٹھن سرجن ابھیان‘‘ کے تحت ہر ضلع کے لیے مبصرین مقرر کیے تھے۔ ان کے ساتھ ریاستی کانگریس کی جانب سے بھی دو مبصرین کی تقرری کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مبصرین نے ریاست کے مختلف اضلاع اور تعلقوں کا دورہ کرکے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کیں اور بعد ازاں ان کے انٹرویوز لینے کے بعد تقرریاں عمل میں آئیں۔ اس عمل کے ذریعے محاذ، تنظیم، شعبہ جات اور سیل سے وابستہ عہدیداران کا انتخاب کیا گیا ہے۔

گنیش پاٹل نے کہا کہ یہ پوری کارروائی نہایت شفاف انداز میں مکمل کی گئی اور اب انہی نو مقرر عہدیداران کو تنظیمی امور، عوامی رابطے، پارٹی نظریات اور سیاسی حکمت عملی سے واقف کرانے کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ مستقبل میں پارٹی کی تنظیمی طاقت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

MPCC Urdu News 17 May 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading