ناگپور: کانگریس پارٹی کا نظریہ سیکولر قدروں پر اور تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے۔ بی جے پی کے فرقہ ورانہ اور تقسیم کرنے کی سیاست کو قومی یکجہتی وبھائی چارہ کو فروغ دینے والا کانگریس کا نظریہ ہی روک سکتا ہے۔ کانگریس کے نظریے کو سماج کے ہرفرد تک پہونچاتے ہوئے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لئے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر موقع دیا جائے گا۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وریاست کے وزیربرائے محصول بالاصاحب تھورات نے کہی ہیں۔ وہ یہاں ودربھ کے تمام اضلاع کی کانگریس اکائیوں کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر کارکنان کی رہنمائی کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ ودربھ کانگریس کا اہم قلعہ ہے۔ پارٹی کے مشکلات کے دور میں کچھ لیڈر پارٹی کو چھوڑ دیا لیکن ودربھ نے کانگریس کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پارٹی کو چھوڑ دیا، ان کی جگہ پر ہم نوجوانوںکو ذمہ داریاں دیں گے اور نئی قیادت تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ہم تمام لوگوں کو ساتھ لے کر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کریںگے تاکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو بہتر کامیابی ملے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو ودربھ نے ہمیشہ ہی طاقت فراہم کی ہے، آئندہ دنوں میں پارٹی ودربھ کے اپنے کارکنان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

منگل کو بالاصاحب تھورات نے بھنڈارا وگڑھ چرولی اضلاع کے کانگریس کے عہدیداران وکارکنان سے اضلاع کے موجودہ حالات پر صلاح ومشورہ کیا نیز تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے کی حکمت عملی طئے کی۔ آج صبح اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل انہوں نے گوندیا ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداران وکارکنان سے ملاقات کی۔

اس میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری آشیش دووا، مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزارصدر ایم ایل اے یشومتی ٹھاکور، مظفر حسین، ایم ایل اے ساسارام کاروٹے، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری سابق ایم ایل اے موہن جوشی، ڈاکٹر کلیان کالے، رام کشن اوجھا، گوندیا ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پرشوتم بابا کٹرے، ریاستی کانگریس کے جنرل سکریٹری وگوندیا ضلع کے نگراں پروفیسر ببن راو تائیڈے سمیت ضلعی کانگریس کے دیگر عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔