’کانگریس شیوسینا کی حمایت نہ کرے‘ والا خط جعلی : مولانا ارشد مدنی نے سونیاگاندھی کوکوئی خط نہیں لکھا

نئی دہلی۔۱۸؍نومبر:مہاراشٹر میں حکومت کی تشکیل کی کوششیں جاری ہیں۔اس دوران جمعیۃ علمائے ہند کا جعلی لیٹر پیڈ بناکر شرپسندوں نے سونیا گاندھی کو مولانا ارشد مدنی کی جانب سے خط لکھ کرشیوسیناکوحمایت نہیں دینے کی اپیل کی ہے۔اس خط میں جمعیۃ علمائے ہند کے قومی صدر ارشد مدنی کے دستخط کا بھی استعمال کیاگیا ہے۔

خط میں مولانا مدنی کی طرف سے درج ہے کہ ’’میں مہاراشٹر کی گندی سیاست کی طرف آپ کی توجہ لے جانا چاہتا ہوں اور یہ افسوس ناک ہوگاکہ آپ شیوسینا کو حمایت دیں گی۔ یہ کانگریس پارٹی کے لیے خطرناک اور نقصان دہ ہوگا۔مجھے امید ہے کہ میرے مشورہ کواچھے سیاق وسباق میں لیں گی‘‘۔واضح ہوکہ جمعیۃ علمائے ہند نے ایسا کوئی خط نہیں جاری کیا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کے ٹوئٹر اکائونٹ سے اس فیک نیوز کی تردید کی گئی ہے ۔ جمعیۃ علما ء ہند نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر جمعیۃ علماء ہند کا یہ لیٹر جھوٹ پر مبنی ہے۔ جمعیۃ نے ایسا کوئی لیٹر جاری نہیں کیا ہے‘‘۔

جمعیۃ کے پیج نے این ڈی ٹی وی اور زی نیوز کو بھی اس ٹوئٹ میں مینشن کیا ہے۔ وہیں جمعیۃ علماء ہند کے آفس سکریٹری مولانا فضل الرحمان نے بھی فون پر اس کے جعلی اور فیک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ جمعیۃ علما ء ہند سیاسی معاملوں میں مداخلت نہیں کرتی ہے، فرضی لیٹر وائرل کرنے والوں کے خلاف ہم قانونی کارروائی کرنے پر غور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل بھی ٹوئٹر پر فیک اکائونٹ بناکر مولانا مدنی کی جانب سے کچھ ٹوئٹ کیے گئے تھے جس میں رام مندر تعمیر کی حمایت کی گئی تھی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں