کارخانہ اور شاپ ایکٹ میں ترمیم کو کابینہ کی منظوری

ممبئی: (ورق تازہ نیوز)کارخانوں کے ایکٹ میں ترمیم کو ریاستی کابینہ کی منظوری ملنے کی اطلاع ملی ہے۔ اب روزانہ 9 گھنٹے کے بجائے 12 گھنٹے کام کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس بارے میں محنت و مزدور وزیر آکاش فُندکر نے معلومات فراہم کی ہیں۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے مزدوروں کو زیادہ مالی فائدہ ہوگا۔ آرام کے اوقات میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے یہ طے کیا گیا ہے کہ 5 گھنٹے کام کے بعد 30 منٹ اور پھر 6 گھنٹے کے بعد مزید 30 منٹ کے لیے وقفہ دیا جائے گا۔

ہفتے کے کام کے اوقات 48 گھنٹوں سے بڑھا کر 60 گھنٹے کیے گئے ہیں۔ اضافی وقت (اوور ٹائم) کی زیادہ سے زیادہ حد 115 گھنٹوں سے بڑھا کر 144 گھنٹے کردی گئی ہے، جس سے مزدوروں کو اضافی آمدنی حاصل ہوگی۔ حکومت کی اجازت کے بغیر کارخانوں کو اپنے طور پر وقت میں تبدیلی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزدوروں سے اضافی کام لینے کی صورت میں اس کا مکمل معاوضہ اور پگاری چھٹیاں دینا لازمی ہوگا۔

موصولہ معلومات کے مطابق، کارخانوں میں مزدوروں کے لیے کام کرنے کی حد 9 گھنٹے سے بڑھا کر 12 گھنٹے کرنے کا فیصلہ بدھ کے روز ریاستی کابینہ نے لیا۔ دکانوں اور اداروں کے لیے کام کے گھنٹوں کی حد 9 گھنٹے سے بڑھا کر 10 گھنٹے کی گئی ہے۔ اگرچہ گھنٹوں میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن کارخانوں میں مزدوروں سے ہفتے میں (ایک چھٹی کے علاوہ) زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹے ہی کام لیا جاسکتا ہے۔ یہ حد برقرار رہے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اوسطاً روزانہ 8 گھنٹے ہی کام لیا جاسکے گا۔ پہلے روزانہ کام کے گھنٹوں کی حد 9 گھنٹے تھی۔ اب اسے 12 گھنٹے کرتے ہوئے، 8 گھنٹے سے زیادہ کام کی صورت میں لازمی طور پر اوور ٹائم کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ اسی طرح، اگر 48 کے بجائے ہفتے میں 56 گھنٹے کام کروایا گیا تو ایک متبادل چھٹی دینا لازمی ہوگا۔ اس سے بھی زیادہ کام لینے پر مزید متبادل چھٹیاں دینا ہوں گی۔ مزدوروں سے زیادہ وقت کام کروانے کے لیے متعلقہ سرکاری محکمے سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا۔

کارخانے اور دکانوں کے ایکٹ میں ترمیم

ریاست میں سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کارخانوں کا ایکٹ 1948 اور مہاراشٹر دکانیں و ادارے ایکٹ میں ترمیم کو کابینہ اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت کارخانوں میں یومیہ کام کے اوقات 9 گھنٹے سے بڑھا کر 12 گھنٹے کردیے جائیں گے۔ جبکہ دکانوں اور اداروں میں یومیہ کام کے اوقات 9 گھنٹے سے بڑھا کر 10 گھنٹے ہوں گے۔ یہ ترمیم ان اداروں پر لاگو ہوگی جہاں 20 یا اس سے زیادہ مزدور کام کرتے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading