جنیوا/نئی دہلی: عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس(کووڈ۔19)کے پیش نظر آئندہ ہفتہ سے شروع ہورہے رمضان کے لئے رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔
تنظیم نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو مذہبی اجتماع اور گروپ میں جمع ہونے سے بچیں۔ اس کے بدلے مذہبی اجتماع کے لئے الیکٹرونک ذرائع کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر مذہبی تقریب منعقد بھی کی جائے تو ان میں شامل ہونے والو ں کی تعداد بہت کم ہو اور سماجی دوری اور صفائی ستھرائی پر عمل ہو۔
خیال رہے کہ رمضان کا مقدس مہینہ 24اپریل سے شروع ہونے والا ہے۔ رمضان کے مہینہ میں مسلمان پورے دن روزہ رکھتے ہیں اور شام کو ایک ساتھ افطار میں شامل ہوکر روزہ کھولتے ہیں۔ ساتھ ہی مسجدوں میں جاکر ایک ساتھ نماز پڑھنے کی روایت ہے۔
رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ہر حال میں لوگوں کے بیچ کم از کم ایک میٹر کی دوری رکھی جانی چاہئے۔ ساتھ ہی افطار کے دورا ن پہلے سے پیک کھانے کے الگ الگ پیکٹ دینے کا انتظام کرنا چاہے۔ وضو کے لئے پانی اور صابن کا کافی انتظام ہونا چاہئے۔اس نے مشورہ دیا ہے کہ مسجدوں میں نماز پڑھتے وقت بیٹھنے کے لئے ہر شخص کو اپنی اپنی چٹائی لانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ روزہ سے کورونا وائرس کے کسی طرح کے تعلق کے بارے میں کوئی تحقیق نہیں ہے لیکن لوگوں کو اپنی صحت قائم رکھنی چاہئے۔ اس نے زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ بزرگوں اور بیمار یا کورونا وائرس جیسی علامات والے لوگوں کو کسی بھی حالت میں مذہبی اجتماع میں نہیں آنا چاہئے۔ کورونا کے مریضوں کو ڈاکٹر کی صلاح پر ہی روزہ رکھنا چاہئے