ناندیڑ، 3 نومبر:( ورق تازہ نیوز)ریاست کے مدارس کی جدیدکاری کے لیے حکومت مہاراشٹر کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر حسین مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم نافذ کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سال 2025-26 کے لیے امداد حاصل کرنے کے خواہشمند رجسٹرڈ مدارس سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
مدارس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 11 اکتوبر 2013 اور 22 دسمبر 2023 کے سرکاری احکامات کے مطابق مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ مکمل فارم ایک نقل گروپ ایجوکیشن آفیسر (تعلقہ) کے دفتر میں اور دوسری نقل ضلع منصوبہ کمیٹی، کلکٹر آفس، ناندیڑ میں 14 نومبر 2025 تک جمع کرائیں۔
یہ اسکیم ان مدارس کے لیے ہے جو مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ یا چارٹیز کمشنر کے پاس رجسٹرڈ ہوں۔
امداد کی حد میں اضافہ کر کے زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک امداد دی جا سکتی ہے۔
ترجیح ان مدارس کو دی جائے گی:
جو وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہوں۔
جہاں کے طلبہ رسمی اسکولوں میں بھی داخل ہوں۔
جہاں ریاضی اور سائنس کے مضامین کنٹریکٹ پر مقرر اساتذہ کے ذریعے پڑھائے جاتے ہوں۔
ایک عمارت میں صرف ایک مدرسہ چل رہا ہو۔
جن مدارس کو مرکزی حکومت کی اسکیم SPQEM (Scheme for Providing Quality Education in Madarsa) کے تحت فائدہ ملا ہے، وہ اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
مزید معلومات، فارم اور مطلوبہ کاغذات کی فہرست http://mdd.maharashtra.gov.in پر دستیاب ہے۔یہ اطلاع کلکٹر و صدر، ضلع اقلیتی ترقیاتی کمیٹی، راہول کڑدیلے کی جانب سے دی گئی ہے۔