حیدرآباد:15جولائی( ورق تازہ نیوز)بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر سید رکن الدین ولد سید کریم الدین کا 9 جولائی 2020 کو مختصر علالت کے باعث حیدر آباد میں انتقال ہوگیا ۔ان کی نماز جنازہ قادری چمن چھاونی غلام مرتضیٰ میں ادا کی گئی ور تدفین قادری چمن قبرستان میںعمل میںآئی ۔ 72سالہ مرحوم کے پسماندگان میں فرزندگان سیدامیر الدین ‘سید وحیدالدین ‘سید فریدالدین ‘سید غوث الدین ‘ سید سلیم الدین ‘اورسید معزالدین ہیں۔مرحوم سید رکن الدین ایک بہ صلاحیت فلم ڈائریکٹر تھے وہ ایک عرصہ تک فلم ڈائریکٹر سبھاش گھئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہے ۔
سبھاش گھئی کی ”کالی چرن“ میں رکن الدین نے آخری بار ڈائریکشن دیاتھا ۔ انھوں نے 1987-88 میں اپنی خود کی فلم” جانِ وفا“ ڈائریکٹ کی تھی جس میںفاروق شیخ(مرحوم ) ‘ رتی اگنی ہوتری ‘افتخار ‘ پردیپ کمار نے اداکاری کے جوہر دیکھائے تھے ۔نغمے بشرنواز(مرحوم) اور ندا فاضلی ‘ نقش لال پوری ‘اسعد ملکاپوری نے لکھے تھے ۔ موسیقی خیام (مرحوم ) نے دی تھی ۔ اس فلم کی شوٹنگ حیدر آباد‘اورنگ آباد اور دولت آباد مں بھی ہوئی تھی ۔ اورنگ آباد میں پندرہ دن تک شوٹنگ چلی تھی ۔ جان وفا ایک مسلم کلچر فلم تھی جس کوریلیز ہونے میں کافی وقت لگا تھا اور جب فلم ریلیز ہوئی تھی فلموں کافیشن اور ٹرینڈ بدل چکاتھا اسلئے یہ باکس آفس پرہٹ نہیں ہوسکی تھی۔بشر نواز اورندافاضلی کے نغمے کافی پسندکئے گیے تھے ۔۔