ممبئی 15جولائی(یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس’کووڈ-19‘سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں روزبروز صورت حال سنگین ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7975 ریکارڈ نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد منگل کے روز پونے تین لاکھ (2.75) سے تجاوز کر گئی لیکن راحت کی بات یہ رہی کہ مریضوں کی ریکوری شرح بڑھ کر 55 فیصد سے زائد ہوگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست میں اب تک 275640 افراد اس وبا کی زد میں آئے ہیں۔ وہیں اس دوران مزید 233 کی موت کے بعد اموات کی تعداد بڑھ کر 10928 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ریاست میں 3606 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 152613 ہوگئی ہے۔ریاست میں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 55.37 فیصد ہو گئی ہے جبکہ شرح اموات صرف 3.96 فیصد ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں فعال کیسز کی تعداد 111801 ہے جن کا مختلف اسپتالوں علاج کیا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر پورے ملک میں کورونا سے متاثر ہونے اور اموات کے معاملے میں نمبر ایک پر ہے۔